اسحاق ڈار کو ڈیل کے تحت پاکستان واپس لایا جا رہا ہے: عمران خان
جس قوم کی مائیں، بہنیں، نوجوان جاگ جائیں اس قوم کو کوئی غلام نہیں بناسکتا
، قوم کو بنیادی حقوق کی حفاظت کے لیے عدلیہ کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا..چیئر مین کا رحیم یار خان میں جلسے سے خطاب
رحیم یار خان( ویب نیوز)
پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین مشکل میں ہیں، شہباز شریف، بلاول امریکا کے مہنگے ترین ہوٹلوں میں ٹھہرے ہوئے ہیں۔اسحاق ڈار کو ڈیل کے تحت پاکستان واپس لایا جا رہا ہے۔ رحیم یار خان میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ رحیم یارخان والوں کے آج جذبہ وجنون،شعور کو دیکھا ہے، گرمی کے باوجود خواتین جلسے میں آئیں، جلسے میں دیر سے پہنچنے کی معذرت کرتا ہوں، آج پورے پاکستان میں میرا جلسہ براہِ راست دکھایا جا رہا ہے۔ سیلاب میں ہمارے بہن، بھائی، بچے متاثر ہوئے، متاثرین کی ہرممکن مدد کریں گے، ہرپاکستانی کو چاہیے جتنی ہو سکے سیلاب متاثرین کی مدد کریں، چاروں طرف پانی کی وجہ سے متاثرین مشکلات کا شکارہیں، تین ٹیلی تھون میں 8 گھنٹے کے دوران مجھے 14 ارب پاکستانیوں نے دیئے۔ انہوں نے کہا کہ کرائم منسٹر، بلاول بھٹو امریکا گئے ہوئے ہیں، امریکی اداکارہ متاثرین کی مدد کے لیے پاکستان آئیں، یہ امریکا میں مہنگے ترین ہوٹلوں میں ٹھہرے ہوئے ہیں، متاثرین مشکل میں امریکا کیا کرنے گئے ہیں، بلاول بھٹو کو اردوسیکھتے ہوئے چودہ سال ہوگئے، اللہ کا شکرہے میری قوم میں شعور آ گیا ہے۔ اپنی قوم کو حقیقی آزادی کے لیے جگانے کی کوشش کر رہا ہوں، جس قوم کی مائیں، بہنیں، نوجوان جاگ جائیں اس قوم کو کوئی غلام نہیں بناسکتا۔پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ ہم ایک عظیم قوم ہیں ہمارا مسئلہ ملک کی لیڈرشپ ہے، ہماری قوم خود دار اور غیرت مند ہے، شہبازشریف روسی صدر کے سامنے سکول کے بچے کی طرح بیٹھا تھا، شہباز شریف کی روسی صدرکے سامنے کانپیں ٹانگ رہی تھیں، بیرونی سازش کے ذریعے امپورٹڈ وزیراعظم کو بٹھایا جائے تو پھرملک کی شرمندگی ہوتی ہے، رحیم یارخان والوں کیا آپ ایسا وزیراعظم چاہتے ہیں؟ شہباز شریف نے سیکرٹری جنرل سے کہا وعدہ کرتا ہوں امداد چوری نہیں کریں گے، اس کا مطلب ہے پہلے امداد چوری کرتے تھے، دنیا اس انسان کی عزت کرتی ہے جو اپنی خود کرتا ہے، بہنیں اپنے بچوں کی تربیت کریں خدا کے سوا کسی کے سامنے نہیں جھکنا، غریب آدمی میں بھی غیرت ہو تو دنیا اس کی عزت کرتی ہے، جس پرائم منسٹرمیں غیرت نہ ہواس کی کوئی عزت نہیں کرے گا، امریکی دورے پرقوم کے کروڑوں روپے خرچ کیے گئے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ شہبازشریف انٹرویومیں کہتا ہے ملک کے حالات بہت برے خدا کے واسطے پیسہ دلوادو، وزیراعظم کہہ رہا ہے ہمارا دیوالیہ نکل گیا ہے، ملک پرمصنوعی لیڈر کو بٹھادیا گیا، شہبازشریف کو اس لیے لایا گیا سارے حکم مانے گا۔ حقیقی آزادی کے لیے اگر قوم کھڑی نہ ہوئی تو اسی طرح کے چور مسلط رہیں گے، شہبازشریف، حمزہ کو ایف آئی اے کیس میں سزا ہونے والی تھی، شہبا زشریف کوسازش کے تحت مسلط کیا گیا، 60فیصد کابینہ ضمانت پرہے، ایک طرف دنیا سے بھیک مانگ رہے ہیں، امپورٹڈ حکومت نے نیب ترمیم کرکے چوری کیا ہوا 1100 ارب معاف کرایا، امپورٹڈ حکومت نے این آر او لیا، ان کا اقتدارمیں آنے کا مقصد اپنی چوری بچانا تھا، پاکستانیوں ہم نے حقیقی آزادی کی تیاری کرنی ہے، ہمیں حقیقی آزادی کے لیے باہر نکلنا پڑے گا، آزادی کبھی پلیٹ میں رکھ کر نہیں ملتی قربانیاں دینا پڑتی ہیں۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ بڑے ڈاکوملک کا پیسہ لوٹ کر بیرون ملک لیجاتے ہیں، اگر بڑے ڈاکوں کو سزا نہ ملے تو وہ قوم تباہ ہو جاتی ہیں، اگرہم نے ان کی غلامی کو تسلیم کر لیا تو ہمارا کوئی مستقبل نہیں، ہمارا وزیراعظم بیرون ملک جا کر ہاتھ پھیلاتا ہے، پاکستانیوں یاد رکھو جو بھی ملک پیسہ دے گا وہ ہماری خود مختاری کا سودا کرے گا، تیس سال دونوں پارٹیوں نے ملک کا دیوالیہ نکالا آج بیرون ملک پیسے مانگ رہے ہیں، بیرون ممالک سب کوپتا ہے ان کے اپنے پیسے باہرپڑے ہیں، جس طرح کا پاکستان میں سیلاب آیا دنیا کو ہماری مدد کرنی چاہیے تھی، دنیا کو زرداری، شریف خاندان کی چوریوں کا پتا ہے اس لیے مدد نہیں کررہے۔انہوں نے کہا کہ مخالفین تحریک انصاف کی مقبولیت سے ڈرے ہوئے ہیں، چار لوگوں نے بند کمرے میں مجھے مروانے کا فیصلہ کیا، یہ لوگ ابھی سازش میں لگے ہوئے ہیں، مریم نواز نے مریم اورنگزیب اور جاوید لطیف سے پریس کانفرنس کروائی، میرے خلاف پریس کانفرنس کروائی تاکہ پھر کہیں گے مذہبی جنونی نے قتل کیا، مجھے اپنی جان سے زیادہ ملک کی حقیقی آزادی کی فکر ہے، میرا ایمان اللہ پر ہے زندگی موت اسی کے ہاتھ میں ہے، میرا ایمان ہے اگر غلام رہنا ہے تو پھر مر جانا بہتر ہے۔پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ اپنی انا اور کرپشن کے قیدی یہ سازش کر رہے ہیں، یہ وہ لوگ ہے جو ملک لوٹ کر باہر چلے جاتے ہیں، ان کے ساتھ سازشی ٹولہ ہے جو پوری کوشش کر رہا ہے، قوم سے کہتا ہوں خوف کی زنجیروں کو توڑ دو، فیصلہ کیا ہے ان چوروں کو کسی صورت تسلیم نہیں کرنا، ہر روز ان کے کرپشن کے کیسز معاف ہو رہے ہیں، اب اسحاق ڈار واپس آنے والا ہے، حدیبیہ پیپر ملز کیس میں اسحاق ڈارنے شریف خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ کی گواہی دی تھی، سابق وزیر خزانہ نے خود بیان دیا شریف خاندان کے لیے منی لانڈرنگ کرتا تھا، اسحاق ڈار(ن)لیگ کی حکومت میں وزیراعظم کے جہازمیں بیٹھ کربھاگا تھا، ڈارکی جائیدادیں اوربچے باہر ہیں، اب اسحاق ڈار کو این آر او ڈیل کے تحت واپس لایا جا رہا ہے، جب ہم نے حکومت سنبھالی تو ڈارتاریخی خسارہ چھوڑ کر گیا تھا، ڈار نے معیشت اور کسانوں کا بیڑہ غرق کر دیا تھا، ہم بھیڑ بکریوں کی طرح تماشا نہیں دیکھ سکتے، جب تک جان ہے جدوجہد کروں گا قوم کو باہرنکالوں گا۔عمران خان نے کہا کہ نیویارک میں شہباز شریف نے مان لیا ملک کے حالات بہت برے ہیں، جنہوں نے سازش کر کے ہماری حکومت گرائی تھی ان سب سے پوچھتا ہوں آپ سب لوگ ذمہ دارہیں، ہمارے دور میں 6 فیصد سترہ سال بعد گروتھ ہو رہی تھی، ہمارے دور میں ملک کی انڈسٹریز ترقی کر رہی تھی، ہمارے دور میں کسان بھی خوش اور 32 ارب ڈالر کی ریکارڈ ایکسپورٹ تھی، ہمارے دورمیں تاریخی ٹیکس ریونیو اکٹھا کیا گیا، ہم نے عوام کو بجلی، گیس، پٹرول، ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں سے بچایا ہوا تھا، آج پٹرول 236 روپے لٹر ہو چکا ہے، آج ڈیزل (فضل الرحمان) 250 روپے تک پہنچ گیا ہے، ہم نے مہنگائی کو روکا اور ہر خاندان کو 10 لاکھ کی ہیلتھ انشورنس دی، احساس پروگرام کے ذریعے سود کے بغیر قرض دے رہے تھے، سوال پوچھتا ہوں کورونا کے مشکل حالات کے باوجود پاکستان ترقی کر رہا تھا، ہماری حکومت نے کورونا اور اپنی معیشت کو بھی بچایا، سوال پوچھتا ہوں ہماری حکومت کو گرا کر چوروں کو مسلط کیا گیا، شہباز شریف انٹرویومیں رو رہا تھا پیسے دے دو۔ سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ شہبازشریف کہہ رہا ہے خدا کے واسطے ہماری مدد کرو ، انٹرویو کرنے والی کی آنکھ میں آنسو آ گئے تھے، شہباز شریف کو اچکن سلوانے کی بڑی جلدی تھی؟ ہماری حکومت گرا کر کبھی سیکرٹری جنرل کا بازو اور کبھی اینکر کے سامنے منتیں کرتا ہے، پاکستانیوں یہ ہمارا مستقبل نہیں ہے، شہبازشریف بھکاریوں کی طرح مانگ رہا ہے،اسٹیبلشمنٹ سے پوچھتا ہوں چور کرپشن کے کیسز ختم کر رہے ہیں، کیا صرف میری ذمہ داری آپ لوگوں کی کوئی ذمہ داری نہیں، یہ چور 30 سال سے چوری کر رہے ہیں، چورباری باری اپنے کیسز ختم اور پیسہ ہضم کر رہے ہیں، کیا اس ملک میں کرپشن کے خلاف لڑنے کا میں نے ٹھیکا لیا کسی اورکی کوئی ذمہ داری نہیں۔انہوں نے کہا کہ طاقت ہماری اسٹیبلشمنٹ کے پاس ہے وہ کہتے ہیں ہم نیوٹرل ہیں، اللہ نے قرآن پاک میں فرمایا، اچھائی کا ساتھ اور برائی کے خلاف جہاد کرو، اللہ نے کہیں پر بھی نیوٹرل رہنے کی اجازت نہیں دی، اللہ کا حکم ہے اچھائی کا ساتھ دو، قوم پرفرض ہے ان کے خلاف کھڑے ہو جا، اللہ فرماتے ہیں کبھی اس قوم کی حالت نہیں بدلتا جب وہ خود کوشش نہ کرے۔ ہماری حمایت کرنے والوں کو نامعلوم نمبروں کے ذریعے فون کر کے ڈرایا جاتا ہے، ایسا غلام ملکوں میں ہوتا ہے جمہوریت میں ایسا نہیں ہوتا، ترکی میں جب تک حقیقی جمہوریت نہیں آئی تب تک ترقی نہیں کی تھی، ہمیں ڈرایا، دھمکایا جاتا ہے، وعدہ کرو جس کو بھی نامعلوم نمبرز سے دھمکی آئے واپس اسے دھمکی دو، جب وہ دھمکی دے تو اسے کہنا ملک کا آئین و قانون مجھے آزادی اظہار کی اجازت دیتا ہے، پہلے عدالتیں کنٹرولڈ تھی، آج ہماری عدالتیں ماشااللہ آزادی کی طرف جا رہی ہے، قوم کو بنیادی حقوق کی حفاظت کے لیے عدلیہ کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا ۔۔
#/S