اسلام آباد /پشاور (ویب نیوز)
اسلام آباد میں ڈینگی سے ایک اور شخص انتقال کر گیا، جس کے بعد رواں سال وفاقی دارالحکومت میں ڈینگی سے ہلاکتوں کی تعداد 6 ہو گئی۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر(ڈی ایچ او)ڈاکٹر زعیم ضیا کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں گزشتہ روز ڈینگی کے 104 کیسز رپورٹ ہوئے۔ڈاکٹر زعیم ضیا نے بتایا ہے کہ رواں سال اسلام آباد میں ڈینگی کے مریضوں کی مجموعی تعداد 1923 ہو گئی ہے۔دوسری جانب پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اسپتال میں ڈینگی کے تشخیصی ٹیسٹ کی کٹس وافر مقدار میں موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ لیڈی ریڈنگ اسپتال میں ڈینگی مریضوں کے لیے الگ وارڈ بنایا گیا ہے جس میں 21 مریض زیرِ علاج ہیں۔