اسلام آباد (ویب نیوز)
سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کا آپریشنل ائیر ڈیفنس مشق کا معائنہ، ائیر چیف کا کمانڈ آپریشن سنٹر سے مشق کا مشاہدہ، سربراہ پاک فضائیہ نے جارحانہ اور دفاعی فورسز کی آپسی ہم آہنگی، اشتراک اور آرمی ائیر ڈیفنس کے ساتھ انکی مشترکہ کاروائیوں کا معائنہ کیا۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق پاک فضائیہ کی مشق کا مقصد مستقبل میں کسی بھی حقیقی خطرے کے پیشِ نظر امپلائمنٹ کے جدید عسکری تصورات کو پرکھنا تھا۔ پاک فضائیہ کے آپریشنل اثاثہ جات بشمول لڑاکا طیارے، ایئر ڈیفنس ایلیمنٹس، فورس ملٹی پلائرز اور بیٹل مینجمنٹ سینٹرز نے مشق میں حصہ لیا۔ سربراہ پاک فضائیہ نے عسکری مشق کے تناظر میں ایک آپریشنل ایئر بیس کا بھی دورہ کیا، ائیر چیف نے پاک فضائیہ کے آپریشنل کنسٹرکٹ کے تناظر میں پی اے ایف کے فضائی بیڑے میں نئے شامل کردہ ان مینڈ ایریل سسٹمز کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ سربراہ پاک فضائیہ نے اس موقع پر کہا کہ عصر حاضر میں ان مینڈ ایریل سسٹمز نے فورس ملٹی پلائرز کی حیثیت اختیار کر لی ہے جو جدید دور کے عسکری تنازعات اور جنگوں میں حتمی و فیصلہ کن کردار ادا کر سکتے ہیں۔پاک فضائیہ خطے میں ہونے والی جیو اسٹریٹجک پیشرفت سے پوری طرح باخبر ہے۔ پاک فضائیہ پاکستان کی خودمختاری، ملکی سالمیت اور پاکستانی سرحدوں کے دفاع کے لیئے پوری طرح تیار ہے۔ ہماری توجہ نیش ٹیکنالوجیز کے حصول، مئوثر تربیت اور بہترین انسانی وسائل کی سمارٹ انڈکشن کے ذریعے آپریشنل صلاحیتوں کی مسلسل جدت طرازی پر مرکوز ہے۔ ائیر چیف نے پاک فضائیہ کی مجموعی جنگی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ پاک فضائیہ افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ دشمن کی کسی بھی مذموم مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔