لاہور (ویب نیوز)
جعلسازوں کی شامت، ڈی جی پنجاب فوڈاتھارٹی پوری رفتار سے مافیا کے پیچھے۔۔!!
تفصیلات کے مطابق ڈی جی فوڈ اتھارٹی مدثر ریاض ملک نے ایک ہی دن میں لاہور اور سرگودھا میں میراتھن کارروائیاں کیں۔لاہور میں کولڈ سٹورسے تین سال پرانا 7 ہزار کلو گوشت جبکہ سرگودھا سے 6 ہزار کلو ملاوٹی بیسن اور مرچیں برآمدکرلیں۔فوڈسیفٹی ٹیم نے لاہورملتان روڈ پر کولڈ سٹور سے تین سال پرانے امپورٹڈ سری پائے، کھد، زبان اور باسی گوشت برآمد کیا ۔کولڈ سٹور میں مختلف ہمسایہ ممالک سے درآمد شدہ حلال حرام کی تفریق کے بغیر ایکسپائرڈ گوشت برآمد ہوا۔ تمام گوشت قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد پیمکو بھٹھی میں جلا کر تلف کر دیا گیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ ایک ہوٹل سے باسی گوشت ملنے پر سپلائر کا پتہ لگانے کی ٹھانی تو کولڈ سٹور کا سراغ نکلا۔کولڈ سٹور مالک کے خلاف مقدمہ درج کرواتے ہوئے تمام خریداروں کی تفصیل حاصل کی جا رہی ہیں۔
علاوہ ازیں سرگودھا میں گرائنڈنگ فیکٹری ملاوٹی بیسن اور مرچیں تیار کرنے پر بند کر دی گئی۔ کارروائی کے دوران 800کلو ملاوٹی مرچیں،1850 کلو دال مونگ، 1700 کلو دال مٹری 200کلو مرچیں، 500 کلو ٹوٹے چاول اور 800 کلو بیسن ضبط کرلیاگیا۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کاکہناتھا کہ گھوڑوں کی خوراک کم معیار مٹری دال، چاول اور دال مونگ مکس کر کے ملاوٹی بیسن تیار کیا جارہا تھا۔تیار مرچوں اور بیسن کو قوانین کے خلاف کھلا بغیر ڈھانپے زمین پر رکھا پایا گیا۔ بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مدثر ریاض ملک کاکہناتھا کہ فوڈ سیفٹی ٹیموں کوصوبہ بھر کے کولڈ سٹورز چیک کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔ امپورٹڈ گوشت سٹور کرنیوالے سٹورز کی مکمل چیکنگ کی جائے گی۔ایکسپائرڈ یا ایس او پیز کے خلاف سٹور کیا گوشت فوری تلف کر دیا جائے گا۔ عوام تک گوشت سمیت تمام اشیاء خورونوش بہترین معیار کی کی فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔صوبہ بھر کے گوشت امپورٹر اور سٹور کرنیوالے پنجاب فوڈ اتھارٹی ٹیموں سے تعاون کریں۔قانون کے مطابق کام کرنیوالوں کو بالکل گھبرانے کی ضرورت نہیں، فوڈ اتھارٹی آپ کا دوست ادارہ ہے۔ ملاوٹ، ناجائز منافع خور عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کی ہر گز خیر نہیں ہوگی۔عوام سے گزارش ہے کہ ملاوٹ یا ناقص خوراک فروخت کرنے والوں کی اطلاع 080080500 پر دیں۔ انہوں نے واضح کیاکہ ناقص گوشت، ملاوٹی مصالحہ جات کا استعمال انسانی صحت کیلئے انتہائی مضر ہے۔خوراک کا کاروبار کرنیوالے پنجاب فوڈاتھارٹی قوانین پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔صوبہ بھر میںملاوٹ مافیا کے خاتمے کیلئے کسی حد تک بھی جانا پڑا تو گریز نہیں کروں گا۔