جنوبی کشمیر میں بھارتی فوجی کارروائی میں شہید کشمیری نوجوانوں کی تعداد 5 ہوگئی
آصف احمد کو پلوامہ میں گولی مار کر شہید کر دیا گیا، چار نوجوان شوپیاں میں شہید ہوئے
سری نگر(ویب نیوز )
بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کی مقبوضہ کشمیر آمد پر بھارتی فوجی کارروائی میں شہید کشمیری نوجوانوں کی تعداد 5 ہوگئی ہے ۔جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع کے ہال گاوں میں آصف احمد نامی نوجوان بھارتی فورسز کی فائرنگ میں شہید ہوگئے ۔ آصف احمد کو شدید زخمی حالت میں ایس ایم ایچ ایس سری نگر منتقل کیا گیا تھا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے بدھ کے روز چل بسا۔ پولیس نے دعوی کیا ہے کہ آصف احمد فورسز اہلکاروں کی طرف سے حادثاتی گولی چلنے سے زخمی ہوا۔ اس سے قبل بد ھ کے روز ہی جنوبی کشمیر کے شوپیان ضلع میں راچھ کیگام علاقے میں تین اور اور ایک نوجوان کو مولو چتراگام علاقے میں شہید کیا گیا ۔ شہید ہونے والوں میں زبیر احمد وانی، جمشید ماگرے،حنان یعقوب، اورعارف رشید شامل ہیں۔کے پی آئی کے مطابق بھارتی فوج کی 44 راشٹریہ رائفلز سی آر پی ایف کی 14 بٹالین اور جموں و کشمیر پولیس نے گزشتہ روز ہی ضلع شوپیاں کے دو دیہاتوں دراچھ کیگام اور مولو چتراگام کا محاصرہ کر لیا تھا۔ رات بھر گھر گھر تلاشی مہم جاری رہی ۔ بدھ کی صبح بھارتی فوج نے راچھ کیگام علاقے میں ایک گھر پر فائرنگ کر دی ۔ بھارتی فوج کی فائرنگ سے زبیر احمد وانی ولد محمد مقبول وانی ساکنہ ڈمپورہ کیگام، جمشید ماگرے ولد عبد الحمید ساکنہ راجپوہ پلوامہ اور حنان یعقوب ولد محمد یعقوب ساکنہ کریم آباد پلوامہ شہید ہوئے ۔ اسی دوران بھارتی فوج نے مولو چتراگام علاقے میں عا رف رشید ولد رشید احمد وانی ساکنہ شرمال شوپیاں کو گولی مار کر شہید کر دیا۔ بھارتی فورسز نے جنوبی کشمیر کے داخلی اور خارجی راستے بند کر دیے ہیں شہریوں کی نقل وحرکت پر پابندی لگا دی ہے جبکہ مواصلاتی نظام بھی معطل کر دیا گیا ہے ۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج وجے کمار نے میڈیا سے بات چیت میں دعوی کیا کہ مارے جانے والوں کا تعلق عسکری تنظیم جیش محمد سے تھا۔