عمران خان نے امریکی سازش کے جھوٹے بیانیے سے پوری خارجہ پالیسی اور سفارتی آداب کا بیڑہ غرق کرکے رکھ دیا
فتنہ بے نقاب ہو رہا ہے، قوم اس کو پہچانے ، اگر پی ٹی آئی قانونی طریقے سے احتجاج کرنا چاہتی ہے توسہولت دینگے،پریس کانفرنس
اسلام آباد (ویب نیوز)
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کے ارادوں کا پتا ہے، لانگ مارچ کو ہر صورت ناکام بنائیں گے ، اگر پی ٹی آئی جمہوری اور قانونی طریقے سے احتجاج کرنا چاہتی ہے یا دھرنا دینا چاہتی ہے تو ہم انہیں سہولت بھی دیں گے اور اجازت بھی دیں گے لیکن اگر وہ اسلام آباد کی طرف چڑھائی کرنا چاہتے ہیں تو ہم انہیں روکیں گے اور اس انداز میں روکیں گے کہ ان کے وہم و گمان میں بھی نہیں ہو گا۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ وفاقی وزیر کا کہنا تھا عمران خان لانگ مارچ کا اعلان کرے پھر دیکھے ہم کیا کرتے ہیں، ہمیں عمران خان کے ارادوں کا پتا ہے، لانگ مارچ کو ناکام بنانے کے لیے ہر حربہ استعمال کریں گے۔انہوںنے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے امریکی سازش کے جھوٹے بیانیے سے پوری خارجہ پالیسی اور سفارتی آداب کا بیڑہ غرق کرکے رکھ دیا ہے اور ملک کو اتنا نقصان پہنچایا ہے کہ پاکستان کو اس کے اثرات کئی دہائیوں تک برداشت کرنے پڑیں گے۔ عمران خان کی چیزوں کا ادراک کرنا چاہیے ورنہ یہ قوم کو کسی حادثے سے ناقابل تلافی نقصان سے دوچار کر دے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ اس قوم پر اللہ کا رحم ہے کہ یہ فتنہ بے نقاب ہو رہا ہے، قوم کو اس کی شناخت ہو رہی ہے لہذا اب قوم کا بھی فرض ہے کہ وہ اللہ طرف سے اس رہنمائی سے فائدہ اٹھائے اور اس کی شناخت کرے، اس کا ادراک کرے۔انہوںنے کہا کہ یہ شخص اتنا بڑا فراڈ ہے، کس طرح سے اس نے امریکی لیٹر لہرایا اور یہ بیانیہ بنایا کہ غداری ہو گئی، یہ قوم غلام ہو گئی، اس قوم کی آزادی سلب ہو گئی ہے لیکن ایکسپوز یہ ہوا کہ یہ سب تو فراڈ تھا۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ قوم کے ساتھ کھیل کھیل رہا تھا اور قوم کو کہہ رہا تھا کہ کتنا بڑا حادثہ ہو گیا، امپورٹڈ حکومت باہر سے مسلط کردی گئی ، قوم کی حقیقی آزادی کو سلب کر لیا گیا اور اب جس حقیقی آزادی کے معنی نہیں ہیں، اس کے اوپر لوگوں سے حلف لے رہا ہے، جن نوجوانوں کو اس نے گمراہ کیا ہے ان سے حلف لے رہا ہے کہ ہم اس حقیقی آزادی کے لیے کچھ بھی کرنے کو تیار ہیں، اب کوئی پوچھے کہ حقیقی آزادی کیا ہے تو نہ اس کو خود کچھ پتا ہے، نہ ان بچوں کو اس کا علم ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ پہلے ایکسپوز ہوا اور آج تو رہی سہی کسر بھی پوری ہو گئی، آج قوم کو اس قدر رہنمائی اور روشنی ملی ہے کہ اس فتنے کا ادراج ہو جانا چاہیے، آج معاشرے کے تمام طبقوں کہ اس فتنے کو اس طرح سے ایکسپوز کیا جائے کہ پوری قوم کو اس کی شناخت ہو جائے۔اس موقع پر انہوں نے مبینہ طور پر عمران خان کی لیک ہونے والی تیسری آڈیو بھی چلائی کہ یہ تحریک عدم اعتماد کے دنوں کی بات ہے، اس نے پوری خارجہ پالیسی اور سفارتی آداب کا بیڑہ غرق کرکے رکھ دیا ہے، اس نے جو کھیل کھیلا ہے تو کیا کوئی سائفر بھیجے گا کیونکہ اسے ڈر ہو گا کہ میں انکوائریاں بھگتا پھروں گا، کسی بھی ملک کا سفارتکار آپ سے کوئی بات اعتماد میں لے کر نہیں کر سکے گا۔ پی ٹی آئی رہنما سیف اللہ نیازی کی گرفتاری پر وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ سیف اللہ نیازی فارن فنڈنگ کیس میں پیش نہیں ہو رہے تھے انہیں متعدد بار ایف آیی اے نے بلایا لیکن وہ نہ آئے اس لیے انہیں حفاظتی حراست میں لیا گیا ، ضابطے کی کارروائی کرنے کے بعد انہیں گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔