عدالت نے ائیرکوالٹی جانچنے کے آلات دو ہفتے میں خریدنے کے احکامات بھی جاری کردئیے
لاہور (ویب نیوز)
لاہور ہائیکورٹ نے لاہور میں سموگ ایمرجنسی نافذ کرنے کا حکم دے دیا، چیف سیکرٹری پنجاب کو سموگ ایمرجنسی کیلئے ہفتہ تک اجلاس بلانے کی ہدایت کی گئی ۔عدالت کی جانب سے اسموگ کی روک تھام کے اقدامات کوحتمی شکل دے کرفوری ٹیمیں تشکیل دیے جانے کا حکم دیا گیا ہے، لاہور ہائیکورٹ کے حکم میں کہا گیا کہ سموگ کے باعث بننے والی فیکٹریاں اور کارخانے فوری بند کردئیے جائیں، ٹیموں کی نقل وحرکت کیلئے گاڑیاں فراہم کی جائیں، اگر ایسا نہ ہوا توچیف سیکرٹری آفس کی گاڑیاں بھجوائی جائیں گی، عدالت نے ائیرکوالٹی جانچنے کے آلات دو ہفتے میں خریدنے کے احکامات جاری کردئیے۔آلات کی خریداری کیلئے محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ہفتے میں فنڈز جاری کرے،عدالت کو کسی عالمی ادارے سے سروکار نہیں، آلات کی خریداری کے فنڈز تنخواہیں یا کوئی بھی منصوبہ روک کراداکئے جائیں، فصلوں کی باقیات جلانے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے۔عدالت نے کہا کہ فصلوں کی باقیات جلانے سے روکنے کے ذمہ دار افسروں کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی ہوگی، ایک ہفتے سے لاہور دنیا کا آلودہ ترین شہر بن چکا ہے، ورلڈ بینک اور غیر ملکی ادارے فنڈز دینے کو تیار مگر یہاں کسی کے کان پرجوں تک نہیں رینگتی، ڈالروں کے پیچھے اس لئے بھاگتے ہیں کیونکہ وہ کسی نہ کسی کی جیب میں جاتے ہیں۔،ایم ڈی واسا نے بتایا کہ واسا کی غیرضروری 400 کے قریب گاڑیاں سموگ کے پیش نظر بند کردی ہیں، واسا دفاتر کو شمسی توانائی پرمنتقلی کیاقدامات جاری کئے جارہے ہیں۔