بینک آف امریکہ فائونڈیشن سالہا سال سے پاکستان کا مضبوط پارٹنر رہا ہے ،پاکستانی سفیر
بینک آف امریکہ کی خیراتی فائونڈیشن کی متاثرین سیلاب کیلئے3 لاکھ ڈالر کا عطیہ کی فراہمی
فائونڈیشن کی جانب سے پاکستان بھر میں متاثرہ افراد اور کمیونٹیز کی ضروریات کو پورا کیا جا رہا ہے، ایبونی تھامس
واشنگٹن (ویب نیوز)
امریکہ میں پاکستان کے سفیرمسعود خان نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کیلئے امریکی امداد پاکستان اور امریکہ کے درمیان گہری دوستی اور قریبی تعاون کی عکاس ہے۔معروف امریکی کارپوریشنز، ملٹی نیشنل آرگنائزیشنز، مخیر حضرات اور فلاحی اداروں کی جانب سے پاکستان میں سیلاب زدرگان کی مدد کے لئے عطیات فراہم کئے جا رہے ہیں۔سٹیزن فائونڈیشن یو ایس اے کے زیر اہتمام واشنگٹن میں 13 ویں سالانہ گالا کا اہتمام کیا گیا جس کے مہمان خصوصی سفیر پاکستان مسعود خان تھے۔تقریب میں 500 سے زائد ممتاز پاکستانی امریکیوں اور مخیر حضرات نے شرکت کی جس میں سیلاب کی امداد اور بحالی کے کاموں کے لیے تقریبا 2.5 ملین ڈالر اکھٹے کئے گئے ۔تقریب کے دوران اکٹھی کی گئی رقم سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے ریلیف کیلئے فراہم کی جائے گی جس میں 50 لاکھ کھانوں کی فراہمی، 9000 خاندانوں کے لیے گھروں کی تعمیر نو اور سیلاب سے تباہ ہونے والے اسکولوں کی بحالی شامل ہے،سٹیزن فائونڈیشن پاکستان میں پسماندہ بچوں کی تعلیم میں مدد کرتی ہے اور امریکہ کی 42 ریاستوں میں اس تنظیم کا فعال نیٹ ورک موجود ہے۔ علاوہ ازیں صدر بینک آف امریکہ چیریٹیبل فائونڈیشن ایبونی تھامس نے سفیر پاکستان مسعود خان کی جانب سے لکھے گئے خط کے جواب میں کہا ہے کہ بینک آف امریکہ کی خیراتی فائونڈیشن کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ افراد کی فوری امداد کے لیے 3 لاکھ ڈالر کا عطیہ فراہم کیا گیا ہے۔ بنک آف امریکہ کی جانب سے فراہم کردہ عطیہ عارضی پناہ گاہوں ،خوراک کی مد میں امداد، متاثرین کو نقد کیش کی فراہمی ،حفظان صحت کی اشیا، بچوں کی حفاظتی کٹس، روزگار کی فراہمی میں معاونت اور ہنگامی لیٹرین کٹس کے لئے بروئے کار لائی جا رہی ہے۔سفیر پاکستان کو لکھے گئے خط میں ایبونی تھامس نے کہا کہ فائونڈیشن کی جانب سے پاکستان بھر میں میں ایسے تمام افراد اور کمیونٹیز کی ضروریات کو پورا جا رہا ہے جو حالیہ مون سون بارشوں کی وجہ سے سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔ایبونی تھامس نے پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنے کے حوالے سے سفیر پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔مس تھامس نے بتایا کہ ان کی فائونڈیشن کی جانب سے فراہم کردہ عطیہ ورلڈ فوڈ پروگرام، انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی اور کیر (کوآپریٹو فار اسسٹنس اینڈ ریلیف ایوری ویر )کے توسط سے برے کار لائی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خواتین، بچوں اور معذور افراد سمیت کمزور طبقے پر خاص توجہ دی جا رہی ہے جو غیر محفوظ حالات زندگی کی وجہ سے بدسلوکی اور استحصال کے خطرات سے دو چار ہیںبینک آف امریکہ چیری ٹیبل فائونڈیشن کی صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سفیر پاکستان مسعود خان نے بینک کے مثبت اور فوری ردعمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ بینک آف امریکہ فائونڈیشن سالہا سال سے پاکستان کا مضبوط پارٹنر رہا ہے اور ہنگامی حالات میں خاص طور پر کمزور طبقات کے لیے امداد فراہم کرتا رہا ہے۔ سفیر پاکستان نے کہا کہ بحالی اور تعمیر نو کے مرحلے میں ہم آپ کی حمایت پربھروسہ کرتے رہیں گے۔ سفیر پاکستان مسعود خان نے امریکی ملٹی نیشنل کارپوریشنز، انسانی ہمدردی کی تنظیموں، مخیر حضرات اور خصوصاپاکستانی امریکن کمیونٹی کو پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد کے ریلیف کے حوالے سے فراخ دلانہ تعاون پر انکو سراہا۔سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کے حوالے سے امریکی حکومت اور عوام کی جانب سے جو مثبت ردعمل ظاہر کیا جا رہا ہے وہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان گہری دوستی اور قریبی تعاون کا عکاس ہے۔