سیرت اکیڈمی روشنی کا مینار ہے ،شہباز شریف نے سیرت اکیڈمی کو تالے لگائے اور ہمارے ہر اچھے کام کو بند کیا: پرویزالٰہی
وفاق کی جانب سے گندم امپورٹ کی اجازت نہ دینا پنجاب سے دشمنی ہے،بدلہ لینا ہے تو سیاسی طور پرمیدان میں آؤ،اپنے بندے پورے کرو
نشتر ہسپتال ملتان کے واقعہ کے ذمہ داروں کو سزا ملے گی،غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کیخلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی
لاہور (ویب نیوز)
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف قرآن اینڈ سیرت سٹڈیز کادورہ کیا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے انسٹی ٹیوٹ آف قرآن اینڈ سیرت کے مختلف سیکشن کاوزٹ کیا۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے لائبریری،آڈیٹوریم اور دیگر دفاتر کامعائنہ کیا۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ میں نے سیرت اکیڈمی و قرآن کمپلیکس کا 3جون2006کو سنگ بنیاد رکھااور18نومبر2007کو سیرت اکیڈمی و قرآن کمپلیکس کاافتتاح کیا تاہم میرے دیگر منصوبوں کی طرحشہبازشریف نے میرے اس منصوبے کو بھی روکے رکھا اور سیرت اکیڈمی کو غیر فعال رکھا۔ہم نے سیرت اکیڈمی کونبی پاکۖ کی تعلیمات کو فروغ دینے کیلئے قائم کیالیکن مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے اس اہم ترین پراجیکٹ کو بھی سیاست کی بھینٹ چڑھایا۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف قرآن اینڈ سیرت سٹڈیزمیں قرآنی آیات آویزاں کرنے کی ہدایت کی اورکہا کہ لائبریری کواپ گریڈ کرکے ڈیجیٹل کیا جائے گا۔ سیرت اکیڈمی میں ایم فل اورپی ایچ ڈی کی کلاسیں شروع کی جائیں گی۔مدینہ یونیورسٹی،جامعہ الازہر اور عالم اسلام کی دیگر نمایاں جامعات کے اشتراک سے ایم فل اورپی ایچ ڈی کی کلاسیں ہوں گی۔ریسرچ سکالرز کیلئے ہاسٹل تعمیر کریںگے تاکہ ان کی رہائش کا مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل ہوسکے۔انہوںنے کہا کہ ادارے میں قرآن میوزیم بھی بنائینگے،جہاں پرقرآن مجید کے نایاب اورنادر نسخہ جات رکھے جائینگے۔سیرت اکیڈمی کو دین کے حوالے سے ہونے والے فیصلوں کا مرکز بنایا جائے گا۔ سیرت اکیڈمی میں دینی نصاب کے حوالے سے تحقیقی کام بھی کیاجائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے بعدازںمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محکمہ اوقاف کے تمام ملازمین کیلئے 15فیصد اور 25فیصد سپیشل الاؤنس اورڈی جی مذہبی امور ، خطبا اورموذن کی پوسٹوں کو اپ گریڈیشن کرنے کا اعلان کیا۔وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ موذن کے سکیل4،5 کو اپ گریڈ کر کے 7 اورنائب خطیب،مدرس کے سکیل6،7کو اپ گریڈ کر کے 12 کیا جائے گا جبکہخطیب امام کے سکیل 9کو اپ گریڈ کرکے14اورسینئر خطیب کے سکیل12کو اپ گریڈ کرکے16کیاجائے گا۔اسی طرح ضلعی خطیب کے سکیل 16کو اپ گریڈ کے 17،زونل خطیب کے سکیل کو
17سے اپ گریڈ کر کے 18اورصوبائی صوبائی خطیب کے سکیل کو 18سے اپ گریڈ کر کے19کیاجائے گاجبکہ ڈی جی مذہبی امور کے سکیل20 کو اپ گریڈ کر کے 21 کیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت محکمہ اوقاف اورمذہبی امور کو ہر برس 30کروڑ روپے کی سالانہ گرانٹ دے گی اوراس گرانٹ میں ہر برس 5کروڑ روپے کا اضافہ کیا جائے گا۔ہم ایسا قانون بنا دیں گے کہ کوئی ان اخراجات کو روک نہیں سکے گا۔مخالفین کو شرم و حیا آتی ہے یا نہیں لیکن وہ ہمارے فیصلوں کو آئینی و قانونی طورپر روک نہیں سکیںگے۔وزیراعلیٰ نے بتایا کہ میں نے سیرت اکیڈمی اس لئے بنائی کہ نئی نسل کو دینی تعلیمات اورسیرت نبویۖ سے زیادہ سے زیادہ روشناس کرایا جاسکے۔ہم ایسا ٹرینڈ سیٹ کریں کہ نئی نسل بے راہ روی کی طرف نہ جائے۔سیرت نبوی ۖ کے حوالے سے ریسرچ کا کام اس ادارے میں ہونا ہے ۔ریسرچ سکالرز ہماری رہنمائی کریں کہ کس طرح ہم موجودہ حالات میں دین اسلام کے سنہری اصولوں کو اپنا سکتے ہیں۔سیرت اکیڈمی روشنی کا مینار ہے ،شہباز شریف نے سیرت اکیڈمی کو تالے لگادیئے تھے۔ شہباز شریف نے آئی ٹی ٹاور سمیت ہمارے ہر اچھے کام کو بند کیا اورتالے لگائے۔میں نے آتے ہی اتحاد بین المسلمین کمیٹی اورمتحدہ علمابورڈ کو فعال کیا۔ ہم نے محرم الحرام اوردیگر اہم مواقع پر مشاورت کے ساتھ فیصلے کیے اوران پر عمل کیا۔ علمائے کرام مشاورت کے ساتھ فیصلے کریں،ہماری حکومت ان پر عمل کرے گی۔ معاشی ،سیاسی اوردینی لحاظ سے علمائے کرام کی رائے کو اہمیت دیںگے۔ سیرت اکیڈمی میں ایم فل ریسرچ پراجیکٹ شروع کیے جائیں گے۔خلفائے راشدین کے ادوار پر ریسرچ ہوگی۔دین کا کام سیرت اکیڈمی سے ہوگا،ساری روشنی یہاں سے پھیلے گی۔ تفرقہ بازی سے نہ ملک کو فائدہ ،نہ قوم کو اورنہ ہی نئی نسل کوکوئی فائدہ ہوگا۔نئی نسل کی ذہن سازی کیلئے بچوں کیلئے ناظرہ اوربارہویں جماعت تک ترجمہ قرآن لازمی قراردیاگیاہے ۔دین کے حوالے سے نئی نسل کے ذہن کو پختہ کرنا چاہتے ہیں ۔عمران خان نے ہمیشہ ختم نبوتۖ اوردین کی بات کی ۔سیرت اکیڈمی میں بیرون ملک سے جیدسکالرز اورعلماء کو بلائیںگے۔جامعہ الازہر سے بھی سکالرز کو بلائیںگے۔ریسرچ سکالرز کے لئے 100کمروں کا ہاسٹل بھی بنایا جائے گا۔انہوںنے کہا کہ وفاقی حکومت نے سندھ کو 2لاکھ میٹرک ٹن گندم دی ہے اوردیگر صوبوں کو بھی وفاق گندم دے رہا ہے ،پنجاب نے کیا قصور کیاہے۔وفاق کو اس دوغلے طرز عمل پر شرم آنی چاہیے۔وفاق کی جانب سے گندم کی امپورٹ کی اجازت نہ دینا دراصل پنجاب سے دشمنی ہے ۔وفاقی حکومت سمجھتی ہے کہ پنجاب کو بھوکا مارکر ملک چلا لیںگے تو اس کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔انہوںنے کہا کہ بدلہ لینا ہے تو سیاسی طور پرمیدان میں آؤاوراپنے بندے پورے کرو۔پنجاب کو گندم امپورٹ کرنے کی اجازت نہ دینا زیادتی ہے،ہم سپریم کورٹ جائیں گے،ان کے پاس کوئی جواب نہیں ہوگا۔وفاقی حکومت گندم کو ہتھیار کے طورپر استعمال کررہی ہے ۔ پرائیویٹ سیکٹر کے لئے گندم کی امپورٹ کھول دیں تو آٹے کی قیمت نیچے آجائے گی۔انہوںنے کہا کہ وفاق نے نیٹ ہائیڈل پرافٹ سمیت دیگرمدات میں پنجاب کے 170ارب روپے دینے ہیں۔ کاشتکاروں کو حکومت پنجاب ساڑھے تین ارب روپے سبسڈی دے رہی ہے ۔پیناڈول کی بروقت قیمت نہ بڑھانے پر قلت پیدا ہوئی،ذمہ داروفاقی حکومت ہے جس نے فیصلہ نہیں کیا۔انہوںنے کہا کہنشتر ہسپتال ملتان کے واقعہ پر تحقیقات ہورہی ہیں اورجلدایکشن ہو گااورذمہ داروں کو سزا بھی ملے گی۔ انسپکٹر جنرل پولیس کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ اس افسوسناک واقعہ کی ہر پہلو سے انکوائری کر کے رپورٹ دیں۔انہوں نے کہا کہ میوہسپتال میںچندروزکے بچے کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر بھی غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کریںگے۔تعلیمی اداروںمیں منشیات کے استعمال اورخریدو فروخت کو روکنے کیلئے قانون سازی کررہے ہیں۔انسداد منشیات کا علیحدہ محکمہ بنائیںگے اوراینٹی نارکوٹکس فورس بھی بنے گی ،جس میںآرمی کے ریٹائرڈ کمانڈوز کوبھرتی کیا جائے گا۔ منشیات کی خریدو فروخت کرنے والوں کوقانون کے کٹہرے میں لائیںگے۔انہوں نے کہا کہ غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔ایل ڈی اے لاہورمیںگرین اوربراؤن ایریاز کو باقاعدہ ڈکلیئر کرے گا اورکوئی بھی گرین ایریامیں ہاؤسنگ سوسائٹی نہیں بناسکے گا۔انہوںنے کہا کہ آج تک کسی حکومت نے محکمہ اوقاف کے ملازمین کی ترقی کا نہیں سوچا۔ میں نے آج محکمہ اوقاف کے ملازمین کی پوسٹوں کو اپ گریڈ کردیا ہے ۔چیئرمین پنجاب قرآن بورڈ مولانا محمد حنیف جالندھری ،جامعہ اشرفیہ کے مفتی احمد علی،راسخ الٰہی،سیکرٹری اوقاف، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات ،کمشنر لاہورڈویژن،سیکرٹری اطلاعات ،ڈی جی پی ایچ اے اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔