اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کیس کی سماعت کریں گے
اسلام آباد (ویب نیوز)
اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں اپنی نااہلی کے خلاف درخواست کی فوری سماعت کی استدعا مسترد کرتے ہوئے پیرکو سماعت کے لیے مقرر کردی۔پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے توشہ خانہ کیس میں الیکشن کمیشن کے نااہلی کے فیصلے کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا۔عمران خان کی جانب سے بیرسٹر علی ظفر نے درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی جس میں الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔ہفتہ کوسابق وزیر اعظم کی جانب سے دائر درخواست میں عدالت سے آج ہی درخواست پر سماعت کرنے کی استدعا کی گئی۔رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے عمران خان کی درخواست پر رجسٹرار آفس کی جانب سے متعدد اعتراضات عائد کیے گئے ہیں۔ چیئر مین تحریک انصاف نے اپنی درخواست میں سیکرٹری الیکشن کمیشن، قومی اسمبلی کے اسپیکر اور سیکرٹری سمیت دیگر فریق بنایا ہے۔اعتراض میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نے بائیو میٹرک تصدیق نہیں کرائی اور عمران خان کے نااہلی فیصلے کی مصدقہ نقل درخواست کے ساتھ منسلک نہیں۔بعد ازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی درخواست فوری سماعت کیلئے مقرر کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے پیر کو سماعت کیلئے مقرر کر دی۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ پیر کو کیس کی سماعت کریں گے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین تحریک انصاف کو کرپٹ پریکٹس کا مرتکب قرار دیتے ہوئے 5 سال کے لیے نااہل کر دیا تھا، عمران خان نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان بھی کیا تھا۔