توشہ خانہ، 190 ملین پاؤنڈ ریفرنسز: اسلام آباد ہا ئی کورٹ میں درخواست قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ

توشہ خانہ میں کوئی سیل لگی ہے، 50 فیصد آف، 20 فیصد آف، اس سے متعلق آرڈر پاس کریں گے، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب

توشہ خانہ حکومت کی تجوری ہے اور سیکریٹری کابینہ اس کا رکھوالا ہے، سیکریٹری کابینہ نے سب کے لیے دروازہ کھلا چھوڑ دیا ہے

 یہ گفٹ ریاست پاکستان کی ملکیت ہوتے ہیں،اسی کے پاس رہنے چاہئیں، آپ لوگوں کو یہ تحائف واپس لوٹانا شروع کر دینے چاہئیں

اسلام آباد(  ویب  نیوز)

اسلام آباد ہا ئی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کے خلاف توشہ خانہ اور 190ملین پانڈ ریفرنسز سے متعلق درخواست قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ توشہ خانہ اور 190 ملین پانڈ ریفرنسز میں جیل ٹرائل کے نوٹیفکیشنز کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ جسٹس گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ارباب طاہر نے سماعت کی۔ بانی پی ٹی آئی کے وکیل لطیف کھوسہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ جب جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن ہوا تب تو کورٹ کا تعین ہی نہیں کیا گیا تھا، جج صاحب کو ڈیپوٹیشن پر تعینات کیا گیا، نیب نے احتساب عدالت میں توشہ خانہ ریفرنس 20نومبر کو دائر کیا، جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن ریفرنس دائر ہونے سے ایک ماہ پہلے جاری کیا گیا، 23 دسمبرسے بانی پی ٹی آئی کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس روزانہ کی بنیاد پر چل رہا ہے، قانون کے مطابق متعلقہ عدالت کے جج نے جیل ٹرائل کا پراسس شروع کرنا ہوتا ہے، یہ عدالت پراسس پر عمل کرنے سے متعلق آرڈر جاری کر چکی ہے، عجیب ہے کہ یہاں ریفرنس دائر ہونے سے ایک ماہ پہلے ہی نوٹیفکیشن جاری ہو گیا۔ جسٹس گل حسن اورنگزیب نے سوال کیا کہ آپ نے یہ نوٹیفکیشنز اتنی تاخیر سے کیوں چیلنج کیے؟ یہ نومبر کا نوٹیفکیشن ہے اور آپ نے جنوری میں درخواست دائر کی، آپ کو اس نوٹیفکیشن سے متعلق کب معلوم ہوا؟ وکیل لطیف کھوسہ نے کہا کہ ہمیں تب معلوم ہوا جب بانی پی ٹی آئی کو ریفرنس میں سمن جاری کیا گیا۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ ہم نے تو اس کا پراسس ہی دیکھنا ہے کہ وہ ٹھیک ہوا ہے یا نہیں، ہم نے یہ نہیں دیکھنا ٹرائل ادھر کریں یا جیل میں کریں۔ وکیل لطیف کھوسہ نے کہا کہ اس کیس میں جج کی جانب سے کوئی تجویز بھی نہیں ہے، جج نے بھی نہیں کہا کہ سیکیورٹی کی وجوہات پر جیل ٹرائل کریں۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ مختصر فیصلہ تو ہمارا موجود تھا، جوڈیشل آرڈر تھا وہ دیکھ سکتے تھے، توشہ خانہ حکومت کی تجوری ہے اور سیکریٹری کابینہ اس کا رکھوالا ہے، سیکریٹری کابینہ نے سب کے لیے دروازہ کھلا چھوڑ دیا ہے، توشہ خانہ میں کوئی سیل لگی ہے، 50 فیصد آف، 20 فیصد آف، اس سے متعلق آرڈر پاس کریں گے، یہ گفٹ ریاست پاکستان کی ملکیت ہوتے ہیں،اسی کے پاس رہنے چاہئیں، آپ لوگوں کو یہ تحائف واپس لوٹانا شروع کر دینے چاہئیں۔