ٹوکیو (ویب نیوز)
جاپان نے افغانستان کے ساتھ سفارتی تعلقات بحال کر دیئے۔ محدود پیمانے پر سفارتی سرگرمیوں کا آ غاز کردیا گیا۔ جاپانی وزیر خارجہ یوشی ماسا ہیاشی نے کہا ہے کہ مکمل بحالی کیلئے دیگر عوامل کو بھی مدنظر رکھیں گے۔جاپان کے وزیر خارجہ یوشی ماسا ہیاشی نے ٹوکیو میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ایک سال کے تعطل کے بعد افغانستان کے ساتھ محدود پیمانے پر سفارتی تعلقات بحال کر رہے ہیں۔جاپان کا سفارتخانہ کابل میں اپنی سرگرمیاں محدود رکھے گا، اس وقت سفارتخانہ انتہائی ضروری کام کررہا ہے۔ مکمل بحالی کیلئے دیگر عوامل کو بھی مد نظر رکھا جائے گا۔ جاپانی وزیر خارجہ نے سکیورٹی وجوہات کی بنا پر مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔جاپان نے اپنا سفارتخانہ اشرف غنی حکومت کے خاتمے پر بند کر دیا تھا اور عارضی بنیادوں پر سفارتی سرگرمیاں قطر سے جاری رکھیں۔ مبصرین سفارتی سرگرمیوں کے آغاز کو مثبت پیش رفت کے طورپر دیکھ رہے ہیں۔