کراچی (ویب نیوز)
محکمہ صحت سندھ نے کہا ہے کہ بچوں کی کورونا ویکسینیشن کا دوسرا مرحلہ یکم نومبر سے شروع ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت سندھ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ یکم سے 7 نومبر تک 11 سال کی عمر تک کے 25 لاکھ بچوں کو کرونا ویکسین کی دوسری ڈوز فراہم کی جائے گی۔ محکمہ صحت نے کہا کہ کراچی کے ساتوں اضلاع سمیت حیدر آباد میں بھی مہم کا آغاز ہو گا، 25 لاکھ 18 ہزار 312 بچوں کو پہلے فیز میں کورونا ویکسین فراہم کی جا چکی ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق 19 ستمبر سے 24 ستمبر تک جاری رہنے والی مہم میں 5 سے 11 سال کی عمر کے 23 لاکھ سے زائد بچوں کا ٹارگٹ رکھا گیا تھا،اپیل کی گئی ہے کہ والدین اور اسکول آگے بڑھ کر مہم کی کامیابی میں اپنا کرداد ادا کریں۔