فلسطینی بچوں سے یکجہتی،جماعت اسلامی کے تحت کراچی کے لاکھوں ”بچوں کا غزہ مارچ”

 شاہراہ قائدین پر موجود بچے حکمرانوں اور افواج سے پوچھ رہے ہیں ہزاروں فلسطینی شہید کیے جاچکے وہ کیا کررہے ہیں؟ حافظ نعیم الرحمن

اسرائیل ایک وحشی درندہ ہے، دو ریاست کا سبق نا پڑھایا جائے۔ ریاست صرف ایک ہی ہے اور وہ صرف فلسطین کی ریاست ہے

پوری امت کا عزم اور بچوں کا جوش اور جذبہ یہ پیغام دے رہا ہے کہ ہم زندگیاں قربان کردیں گے لیکن اسرائیل کو تسلیم نہیں کریں گے

کراچی(ویب  نیوز)

جماعت اسلامی کے تحت اسرائیل کی جارحیت و دہشت گردی کے شکار اہل فلسطین بالخصوص بچوں سے اظہار یکجہتی کے لیے شاہراہ قائدین پرکراچی کے ”بچوں کا غزہ مارچ” منعقد کیا گیا ۔تاحد نگاہ دور تک طلبہ و طالبات کے سر ہی سرنظر آرہے تھے۔٭مارچ میں شہر بھر سے نجی و سرکاری اسکولوں کے طلبہ و طالبات نے لاکھوں کی تعداد میں شرکت کی اورلیبک یا اقصیٰ کے نعرے لگاکر غزہ کے نہتے مظلوم بچوں سے اظہار یکجہتی کیا ۔ ٭فضا نعرہ تکبیر اللہ اکبر ، لبیک لبیک الھم لبیک ،لبیک یا غزہ ،لبیک یا اقصیٰ کے نعروں سے گونجتی رہی اور بچوں میں زبردست جوش وخروش دیکھنے میں آیا ۔امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے ”غزہ مارچ ”سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پرجوش انداز میں نعرہ لگایا  From the River to the sea Palestine will be Free, Free Free Palestine”دریا سے سمندر تک فلسطین آزاد ہونا چاہیئے ”۔انہوں نے کہاکہ کراچی کے بچوں اور بچیوں نے شاہراہ قائدین پر لاکھوں کی تعداد میں شریک ہو کر پوری دنیا کو پیغام دیا ہے کہ ہم فلسطینیوں اوران کے معصوم بچوں کے ساتھ ہیں۔

شاہراہ قائدین پر پر موجود بچے عالم اسلام کے حکمرانوں اور ان کی افواج سے سوال کررہے ہیں کہ 10 ہزار فلسطینی شہید ہوچکے ہیں یہ لوگ کیا کررہے ہیں؟ ان کی غیرت و حمیت کہاں چلی گئی۔اسرائیل کی صرف یہی حقیقت ہے کہ یہ ایک ناجائز ریاست ہے۔اسرائیل ایک وحشی درندہ ہے، ہمیں دو ریاست کا سبق نا پڑھایا جائے۔ ریاست صرف ایک ہی ہے اور وہ صرف فلسطین کی ریاست ہے۔ امت کے عوام کا عزم ہے اور آج بچوں کا جوش اور جذبہ یہ پیغام دے رہا ہے کہ ہم زندگیاں قربان کردیں گے لیکن اسرائیل کو تسلیم نہیں کریں گے۔ دو ریاست کا سبق پڑھانے والے کو سروں سے ہٹا دیں گے۔انہوں نے کہاکہ امریکہ اور اسرائیل کے خلاف اقدامات کرنے پر ہمارے حکمران معیشت خراب ہونے کا خوف دلاتے ہیں۔یہی حکمران ہیں جنہوں نے آئی ایم ایف کی غلامی اور امریکہ کی چاکری کرکے ملک کی معیشت کو تباہ کیا،حکمران سن لیں !اگر کچھ نہیں کرسکتے ہو توعوام کے راستے سے ہٹ جائیں،حکمران اگر اسرائیل کے خلاف اقدامات نہیں کریں گے تو یہی بچے ان کے خلاف مزاحمت کریں گے۔ عالم اسلام کے حکمران فلسطین کے مسلمانوں کی نمائندگی نہیں کر رہے ہیں۔عالم اسلام کے حکمران ایک طرف اور عوام ایک طرف ہیں۔ انہوں نے بچوں سے کہاکہ وہ ملک اور قوم اورپوری امت کے مستقبل کے معمارہیں ، دل لگا کر اپنی پڑھائی پر توجہ دیں اور نااہل اور کرپٹ ٹولے کے خلاف اپنی بساط بھر مزاحمت بھی کریں۔انہوں نے کہاکہ بدقسمتی یہ ہے کہ ہمارا نظام تعلیم نہیں بتاتا کہ مسجد اقصی کی کیا اہمیت ہے۔ نئی نسل کو نہیں بتایا جاتا کہ امریکہ نے ویت نام اور ہیرو شیما ناگاساکی میں بمباری کی،امریکہ نے عراق میں جھوٹ بول کر لاکھوں انسانوں کا قتل کیا۔ حماس کو دہشت گرد کہنے والا امریکہ خود سب سے بڑا دہشت گرد ہے۔ امریکہ اسرائیل کے نیتن یاہو کو سپورٹ کررہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ صیہونی باربار قبلہ اول کی بے حرمتی کرتے ہیں فلسطینی مسلمانوں کو شہید کرتے ہیں۔  صیہونی گریٹر اسرائیل بنانے کا خواب دیکھ رہے ہیں۔ایک منصوبہ بندی کے تحت امریکہ اوریورپ نے پوری دنیا کے صیہونیوں کو لاکر فلسطین میں آباد کیا۔ فلسطین کی زمین مسلمانوں کا قبلہ اول صیہو نیوں کے قبضے میں ہے۔ ہم اسرائیل کی ریاست کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔ پوری دنیا کے باضمیر انسان فلسطین کے بچوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حماس کے مجاہدین مسلمانوں کے ماتھوں کا جھومر ہے۔ حماس نے اسرائیل کی تمام جدید ٹیکنالوجی کو شکست دی اور اس کا غرور خاک میں ملادیا۔ ایک ماہ ہوگیا ہے لیکن اسرائیل حماس کو شکست نہیں دے سکا۔ اسرائیلی افواج سامنے آکر مقابلہ نہیں کرسکتی لیکن جنگی جرائم کا ارتکاب کرکے بچوں پر بمباری کی جارہی ہے ۔حماس کی مزاحمت نے پوری دنیا میں خاص طور  پر مغربی ممالک کے عوام پر آنکھوں پر پٹی کھول دی ہے۔