ایم کیو ایم نے حکومت کوسیاسی مفاہمت سے معاملات حل کرنے کا مشورہ دے دیا
سندھ حکومت ایم کیوایم سے کیے گئے معاہدے پر عمل کرے ورنہ ہمیں دوسرا طریقہ بھی آتا ہے، امین الحق کی پریس کانفرنس
کراچی (ویب نیوز)
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما اور وفاقی وزیر امین الحق نے خبردار کیا ہے کہ سندھ حکومت ایم کیوایم کے ساتھ کیے گئے تحریری معاہدے پر عمل کرے ورنہ ہمیں دوسرا طریقہ بھی آتا ہے۔انھوںنے حکومت کوسیاسی مفاہمت سے معاملات حل کرنے کا مشورہ بھی دیا ہے۔ کراچی میں متحدہ کے دیگر رہنمائوں کے ہمراہ گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے امین الحق کا کہنا تھا کہ ہمیں جمہوری اورآئینی طریقے سے آگے بڑھنا ہوگا، امید ہے کہ اگست 2023 کے انتخابات نئی مردم شماری اور حلقہ بندیوں پر ہوں گے۔ عمران خان کے حوالے سے امین الحق کا کہنا تھا کہ عمران خان اپنے علاوہ سب کو چور سمجھتے ہیں، حکومت سیاسی مفاہمت سے معاملات کو حل کرے، ملک میں ہر صورت میں جمہوری روایت کو قائم رہنا چاہیے، عمران خان آپ کو جمہوری انداز میں آگے بڑھنا پڑے گا۔ اس موقع پر وسیم اخترکا کہنا تھا کہ جب ن لیگ اورپیپلزپارٹی سے معاہدہ کیا تو اس وقت سیاسی حالات مشکل تھے، ن لیگ سے ہم نے کراچی کے مسائل پربات کی ہے، ہم نے ہر میٹنگ میں کراچی سرکلر ریلوے پربات کی۔ انکا کہنا تھا کہ ملاقاتوں میں آگے بڑھنے پر ہم پیپلزپارٹی کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ وسیم اختر کا کہنا تھا کہ میئر کے خصوصی اختیارات پر ہم کافی حد تک آگے بڑھے ہیں، پیش رفت ہوئی ہے کہ میئر کے پاس مالی اور انتظامی دونوں اختیارات آئیں گے، مذاکرات کے دوسرے مرحلے میں ہم مزید پوائنٹس رکھیں گے۔