نواز شریف کو چیلنج کرتا ہوں واپس آکر الیکشن لڑیں ان کے حلقے میں ہرائوں گا، عمران خان

ہم سب مل کرنوازشریف کا استقبال کریں گے، ان کو ائیرپورٹ سے اڈیالہ جیل لے کرجائیں گے

باہرسے سکرپٹ دی جاتی ہے کہ روس سے سستا تیل نہیں لینا، امریکا سے این او سی لی جاتی ہے کہ روس سے تیل لے سکتے ہیں یا نہیں، لانگ مارچ کے شرکا سے خطاب

گوجرانوالہ ( ویب نیوز)چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے سابق وزیراعظم نوازشریف کو  وطن واپس آکر اپنے مقابلے میں الیکشن لڑنے کا چیلنج دے دیا۔گوجرانوالہ میں لانگ مارچ کے شرکا سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ باہرسے سکرپٹ دی جاتی ہے کہ روس سے سستا تیل نہیں لینا، امریکا سے این او سی لی جاتی ہے کہ روس سے تیل لے سکتے ہیں یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرا جینا مرنا پاکستان میں ہے، میں نوازشریف نہیں کہ پاکستان سے بھاگ جاں ، نوازشریف انتظارکررہا ہے کہ اس کو طاقتور لوگوں سے این آر او مل جائے اورپھر وہ واپس آجائے، ہم سب مل کرنوازشریف کا استقبال کریں گے، ان کو ائیرپورٹ سے اڈیالہ جیل لے کرجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے میڈیکل رپورٹس میں بھی دھاندلی کی، نوازشریف اور زرداری مل کرسازش کررہے ہیں۔چیئرمین پی ٹی آئی نے چیلنج کیا کہ نواز شریف جب بھی واپس آ اور الیکشن لڑو، چیلنج کرتا ہوں تمہارے حلقے میں جاکر تمہیں ہرائوں گا۔انہوںنے کہا کہ جب تک قوم حقیقی طور پر آزاد نہیں ہوتی، اس کا دنیا میں کوئی مقام نہیں ہوتا، آزاد قوموں کے حقوق ہوتے ہیں، جو غلام ہوں ان کی پرواز اوپر نہیں ہوتی عام آدمی تھانے اور کچہری میں رلتا ہے، ارشد شریف کو ملک چھوڑنا پڑا اس کو قتل کیا گیا کیونکہ وہ حق پر کھڑا تھا۔عمران خان نے کہا کہ نوازشریف نے میڈیکل رپورٹس میں بھی دھاندلی کی، نوازشریف اور زرداری مل کر سازش کر رہے ہیں، آصف زرداری ملک کی سب سے بڑی بیماری ہیں، آصف زرداری تیاری کر لیں آپ کے پیچھے سندھ آ رہا ہوں، سندھ کے لوگوں کو آزادی کی ضرورت ہے، چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل ہے کہ اعظم سواتی اور شہباز گل کو انصاف فراہم کریں، چیف الیکشن کمشنر شریف خاندان کے گھر کا نوکر بن چکا ہے، مجھ پر درجنوں مقدمات درج کئے گئے الیکشن کمشنر کے خلاف ہرجانے کے لئے عدالت جائوں گا۔