ایچ بی ایل مائیکروفنانس بینک لمیٹڈ نے اسلامی بینکاری کا آغاز کر دیا

خیبر پختونخوا میں بینک کی پہلی اسلامی بینکاری برانچ کا افتتاح

اسلام آباد، (  ویب  نیوز  )

 ایچ بی ایل مائیکروفنانس بینک لمیٹڈ (HBL MfB) نے اپنے اسلامی بینکاری آپریشنز کا  باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی طرف سے اسلامک بینکنگ لائسنس کی منظوری کے بعد خیبر پختونخوا کے شہر­­­ تیمرگرہ میں بینک کی پہلی اسلامی بینکاری برانچ کا افتتاح کیا گیا جو صارفین کو شرعی اصولوں کے مطابق مالیاتی سہولیات کی فراہمی کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔

اسلامی بینکنگ آپریشنز کے ذریعے بینک  مائیکرو انٹرپرینورز ، کاشت کاروں اورکمیونٹیز کو شرعی اصولوں کے مطابق مالیاتی سہولیات فراہم کرے گا جو اسلامی اصولوں کے تحت بینکاری خدمات کو ترجیح دیتے ہیں۔

اس موقع پر ایچ بی ایل مائیکروفنانس بینک کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر عامر خان نے کہا ” اسلامی بینکنگ برانچ کا آغاز بینک کے اس سفر میں ایک اہم سنگِ میل ہے جس کا مقصد پاکستان کے عوام کو زیادہ جامع، آسان اور ان کی ضروریات کے مطابق مالیاتی سہولیات فراہم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ تیمرگرہ میں پہلی اسلامی بینکاری برانچ کا قیام درست سمت میں ایک اہم قدم ہے خصوصاً ان افراد کے لیے جنہیں ان سہولیات کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔ اس اقدام سے مختلف طبقات کے درمیان روابط مضبوط ہوں گے اور صارفین کو اعتماد کے ساتھ ترقی کرنے کے مواقع ملیں گے۔”

ایچ بی ایل مائیکروفنانس بینک نے پاکستان بھر میں محروم اور پسماندہ طبقات کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کے لیے لاکھوں صارفین کو مالیاتی سہولیات فراہم کرتے ہوئے اپنی مضبوط موجودگی قائم کی ہے۔ اسلامی بینکاری کا آغاز اسی مقصد کو آگے بڑھانے کی ایک قدرتی پیش رفت ہے جس کے تحت صارفین کو شرعی اصولوں کے مطابق تیار کردہ مختلف مالیاتی سہولیات کے مزید آپشنز فراہم کیے جائیں گے۔

ایچ بی ایل مائیکروفنانس بینک پاکستان بھر میں عوام کو مالیاتی سہولیات فراہم کرنے اور ان کی معاشی ترقی و خوشحالی میں معاونت کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ بینک اپنے اسلامک بینکنگ آپریشنز کو وسعت دینے کے لئے پرعزم ہے۔