پی ٹی آئی کے مرکزی کنٹینر پر فائرنگ، عمران خان زخمی
فائرنگ سے بھگدڑ مچ گئی،ایک شخص جاں بحق اور سینیٹر فیصل جاوید سمیت 9 افراد زخمی ہوگئے
سیکورٹی فورسز نے عمران خان کو کنٹینر سے نکال کر فورا بلٹ پروف گاڑی میں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا
گولی عمران خان کے دائیں پائوں کو چھو کر گزری، ڈاکٹرز کا بورڈ علاج کررہا ہے ،ٹانگ کی ہڈی متاثر ہوئی،ڈاکٹر فیصل سلطان
ایکسرے میں گولی کے کچھ حصے نظر آرہے ہیں، عمران خان کومکمل علاج کے بعد ڈسچارج کیا جائے گا،سی ای او شوکت خانم اسپتال
ہمیں بھاگنے یا ڈرنے والے نہیں، لانگ مارچ ہر صورت اسلام آباد پہنچے گا، زخمی ہونے کے بعد سابق وزیراعظم عمران خان کا بیان
وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہی اور ر سابق خاتون اول بشری بی بی بی عمران خان کی عیادت کیلئے ہسپتال پہنچے
حملے کی تمام پہلووں سے تفتیش ہوگی اور ملوث افراد کو فوری طور پر گرفتار کرلیا جائے گا،ترجمان پولیس
وزیرآباد،لاہور( ویب نیوز)
وزیر آباد میں اولڈ کچہری چوک پر لانگ مارچ میں فائرنگ سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سمیت 09 افراد زخمی جبکہ معظم گوندل نامی شخص جاں بحق ہوگیا۔نامعلوم شخص کنٹینر کے بالکل قریب تھا جس نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں بھگدڑ مچ گئی ۔ فائرنگ سے 9 افراد زخمی اور ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ جس کی شناخت معظم گوندل کے نام سے ہوئی جس کا تعلق بھروکی چیمہ سے تھا۔ تمام زخمیوں کو اسپتال منتقل کرکے طبی امداد فراہم کی گئی جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ عمران خان کا مارچ ایک سڑک سے گزر رہا تھا کہ گلی سے ایک شخص نکلا اور کنٹینر کے قریب آکر فائرنگ کردی۔ موقع پر موجود پی ٹی آئی کے کارکنوں نے ملزم کو پکڑ کر شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔ پولیس نے حملہ آور کو گرفتار کرکے اسلحہ قبضے میں لے لیا ہے۔ ملزم نے عمران خان کا نشانہ لیکر پورا برسٹ فائر کیا۔ حملہ آور کو دیکھ کو پی ٹی آئی کارکن نے پستول پر ہاتھ مارا جس سے اس کا رخ بدل گیا اور کئی لوگ جسم کے نچلے حصوں پر گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے عمران خان کو کنٹینر کے اندر فورا نیچے محفوظ جگہ پر منتقل کیا۔ کنٹینر سے بھی اعلان کیا گیا کہ عمران خان کی ٹانگ میں گولی لگی ہے۔ سیکورٹی فورسز نے عمران خان کو کنٹینر سے نکال کر فورا بلٹ پروف گاڑی میں طبی امداد کے لیے شوکت خانم ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔ پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے بتایا ہے کہ سینیٹر فیصل جاوید،عمرڈار، احمد چھٹہ کو بھی گولیاں لگی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کوئی پہلاموقع نہیں جب لیڈرکو مار دیا جاتا ہے۔ فواد چوہدری نے کہا ہے کہ فائرنگ کرنے والے نے عمران خان کا نشانہ لیا تھا، ہم سب نے ان کے سامنے کھڑے ہو کر ان کی جان بچائی۔ وزیراعلی پنجاب چودھری پرویزالہی نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کرلی۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کی تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ فائرنگ کرنے والے مسلح شخص کا نام فیصل بٹ ہے، حملہ آور نے فائرنگ کے لئے اے کے 47 رائفل کا استعمال کیا۔زخمی میں سینیٹر فیصل جاوید، حمزہ،زاہد،محمد عمران،محمد فاروق،لیاقت،محمد احمد چٹھہ، راشدمحمد شامل ہیں۔مقتول معظم گوندل کے ماموں نے بتایا کہ وہ دو ماہ کی چھٹیوں پر بیرونِ ملک سے پاکستان آیا تھا اور دہ دو بچوں کا والد تھا۔ شوکت خانم اسپتال لاہور کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر فیصل سلطان نے بتایا کہ ڈاکٹرز کا بورڈ عمراں خان کا علاج کررہا ہے ، گولی عمران خان کے دائیں پائوں کو چھو کر گزری، ایکسرے میں گولی کے کچھ حصے نظر آرہے ہیں، عمران خان کو مکمل علاج کے بعد ڈسچارج کیا جائے گا۔اطلاع ملتے ہی پی ٹی آئی چیئرمین کی اہلیہ اور سابق خاتون اول بشری بی بی نے سی ای او شوکت خانم سے عمران خان کی خیریت دریافت کی۔ بعد ازاں وہ سخت سیکیورٹی میں شوکت خانم اسپتال پہنچیں اور اپنے شوہر عمران خان کی عیادت کی۔ چوہدری مونس الہیٰ سمیت پی ٹی آئی کے سینئر رہنما بھی ہسپتال پہنچے۔پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ میں زخمی ہونے کے بعد سابق وزیراعظم نے اپنے ایک بیان میں حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی لانگ مارچ کل دن 11 بجے سے دوبارہ سے شروع ہو گا، لانگ مارچ ہر صورت اسلام آباد پہنچے گا، ہم کسی سے ڈرنے والے نہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں بھاگنے یا ڈرنے والے نہیں، کہا تھا کہ نہیں جھکوں گا، اب پھر کہ رہا ہوں مزید ڈٹ کر مقابلہ ہوگا۔