دوحا (ویب نیوز)
کھیل کا سب سے بڑا میلہ فیفا ورلڈ کپ اتوار سے قطر میں شروع ہو گا ۔ یہ عرب سرزمین پر ہونے والے پہلا فٹ بال ورلڈکپ ہے۔فیفا ورلڈ کپ 2022کا میلہ سجنے کو ہے ۔قطر میں شائقین نے ڈیرے جمالئے ۔ فٹ بال ورلڈ کپ کے لئے ٹیمیں بھی قطر پہنچ چکی ہے۔ یہ پہلا ورلڈ کپ ہے جو عرب سرزمین پر اور موسم سرما میں ہو رہا ہے۔ورلڈ کپ کا پہلا میچ آج( اتوار کو) قطر اور ایکواڈور کے درمیان کھیلا جائے گا۔ ورلڈ کپ میں کل32ٹیمیں ٹرافی کے لیے لڑیں گی۔ تمام ٹیموں کو چار چار کے 8 گروپوں میںتقسیم کیا گیا ۔ گروپ اے میں قطر،ایکواڈور،سینیگال اور نیدر لینڈ شامل ہیں۔گروپ بی میں انگلینڈ،ایران،امریکا اور ویلز موجود ہیں ۔ارجنٹائن،سعودی عرب،میکسیکو اور پولینڈ گروپ سی کا حصہ ہیں۔ گروپ ڈی فرانس،آسٹریلیا،ڈنمارک اور تیونس پر مشتمل ہے۔گروپ ای میں سپین،کوستا ریکا،جرمنی اورجاپان کو شامل کیا گیا ہے۔گروپ ایف میں بیلجیئم،کینیڈا،مراکش اور کروشیا موجود ہیں۔گروپ جی برازیل، سربیا،سوئٹزرلینڈ اور کیمرون کی ٹیموں پر مشتمل ہے جبکہ پرتگال،گھانا،یوراگوئے اور جنوبی کوریاگروپ ایچ کا حصہ ہیں۔12 دن جاری رہنے والے مقابلوں کے گروپ مرحلے میں روزانہ چار میچ کھیلے جائیں گے اور ہر گروپ سے دو ٹیمیں اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ فٹبال ورلڈ کپ کے مقابلے 20نومبر سے 18دسمبر کے درمیان کھیلے جائیں گے۔میگا ایونٹ کے 64میچز قطر کے 5شہروں کے 8سٹیڈیمز میں کھیلے جائیں گے۔ فائنل 18دسمبر کو ہوگا۔ فرانس کی ٹیم ایونٹ میں اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی۔ واضح رہے کہ قطر فٹبال ورلڈ کپ کی میزبانی کرنے والا دنیا کا سب سے چھو ٹا ملک ہے۔ ٹورنامنٹ کی کامیاب میزبانی کے لئے قطر اب تک 200ارب ڈالر سے زائد کی خطیر رقم خرچ کرچکا ہے۔