26نومبر کو تاریخ کے سب سے بڑے عوامی مارچ کی قیادت کروں گا، عمران خان
حقیقی آزادی کی تحریک فیصلہ کن موڑ پر آن کھڑی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کا پارٹی زمہ داران کے نام پیغام
مرکزی، صوبائی اور مقامی ذمہ داران کو مفصل ہدایات بھی جاری کردیں
اسلام آباد ( ویب نیوز)
اکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ 26 نومبر کو سب کو سرپرائز ملے گا، لانگ مارچ اسلام آباد سے راولپنڈی کیوں جارہا ہے اسکی حکمت عملی جلد سمجھ آجائے گی، یہ جس کو مرضی آرمی چیف لگائیں مجھے کوئی مسئلہ نہیں، یہ اب دونوں طرف سے پھنس چکے ہیں۔
لاہور میں اپنی رہائش گاہ زمان پارک پر صحافیوں سے ملاقات عمران خان کی ملاقات ہوئی جس میں ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ بھی موجود تھیں۔
ملاقات میں سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مجھے انکی پلاننگ پتا ہے، میں آگے کی پلاننگ کر رہا ہوں، یہ اب دونوں طرف سے پھنس چکے ہیں، الیکشن کرواتے ہیں تو فارغ ہوجائیں گے، نہیں کرواتے تو ملک دیوالیہ ہونے کا خطرہ ہے، ہماری کوشش ہے جلد از جلد صاف شفاف انتخابات کا انعقاد ممکن ہو، نئے انتخابات کے علاوہ ملکی مسائل کا کوئی حل نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ صدرعارف علوی کے ذریعے مجھے پیغامات بھجوائے گئے ہیں، میرا ایک ہی مطالبہ ہے الیکشن کی تاریخ دیں، اسکے بعد ساری بات چیت ہوگی، عوام کی طاقت سے مقابلہ کروں گا، انکی کرپشن کی داستانوں سے پوری دنیا واقف ہے، میرے خلاف پوری ریاستی مشینری استعمال کرکے بھی گھڑی کے علاوہ کچھ نہ نکال سکے، گھڑی والے معاملے پر عدالت جا رہا ہوں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پورا یقین ہے عدالت میں یہ پراپیگنڈا ایکسپوز ہوجائے گا، انہوں نے کبھی عوام کی طاقت کو سمجھا ہی نہیں، شہباز شریف لندن کی عدالت میں بھی پھنس چکا ہے، لگتا ہے یہ وہاں بھی آؤٹ آف کورٹ سیٹلمنٹ کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ اسلام آباد سے راولپنڈی کیوں جارہا ہے اسکی حکمت عملی جلد سمجھ آجائے گی، مجھے پتہ ہے کہ میرے زخم جلدی ٹھیک نہیں ہوسکتے، زخمی ٹانگ کے ساتھ لانگ مارچ کی قیادت کروں گا، آرمی چیف کی تقرری میرٹ پر ہونے کا قائل ہوں، سیاسی جماعتیں عوامی حمایت کھو چکی ہیں اس لیے الیکشن سے فرار چاہتی ہیں، پتہ ہے کہ جان خطرے میں ہے دوبارہ بھی حملہ ہوسکتا ہے، تمام خدشات کے باوجود راولپنڈی پہنچوں گا۔
راولپنڈی میں 26 نومبر کے جلسہ کی تیاریوں کے سلسلے میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے مرکزی، صوبائی اور مقامی ذمہ داران کو مفصل ہدایات جاری کردی گئیں۔پارٹی سیکرٹریٹ سے اتوار کو جاری بیان کے مطابق راولپنڈی میں ملکی تاریخ کا سب سے بڑا عوامی مارچ ہوگا اس کی تیاریوں کے حوالے سے پارٹی رہنماؤں کو اہداف سونپ دیے گئے ۔اجتماع گاہ کے تعین اور جلسہ گاہ کی تیاریوں کے حوالے سے خصوصی ہدایات دے دی گئیں ۔ عمران خان نے کہا ہے کہ حقیقی آزادی کی تحریک فیصلہ کن موڑ پر آن کھڑی ہے،سیاسی بیداری عروج پر، قوم اپنی حقیقی آزادی اور حقوق کیلئے پوری طرح متحرک ہے۔انھوں نے کہا کہ حقیقی آزادی کے مطالبے کو جبر و فسطائیت سے دبانے کی کوششیں ناکام ثابت ہوئی ہیں۔راولپنڈی میں 26 نومبر کو تاریخ کے سب سے بڑے اجتماع کی قیادت کروں گا، تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کا راولپنڈی میں خیر مقدم کریں گے، عمران خان نے ہدایت کی کہ ذمہ داران ملک بھر سے قافلوں کی تیاری اور اسبابِ سفر کا اہتمام کریں،مکمل طور پر آئینی و جمہوری جدوجہد کے ذریعے انشااللہ حقیقی آزادی کی منزل حاصل کریں گے۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ 26 نومبر کو راولپنڈی میں مستقبل کی پیش بندی اور فیصلہ سازی کریں گے۔