جیل سے احتجاجی تحریک کی سربراہی کروں گا، ماہرنگ بلوچ کو بھی دعوت دیں گے، عمران خان کے ایکس اکانٹ پر جاری بیان
اسلام آباد ( ویب نیوز)
بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ وہ جیل سے احتجاجی تحریک کی سربراہی کریں گے، جی ڈی اے اور ماہرنگ بلوچ کو بھی دعوت دیں گے۔سابق وزیر اعظم عمران خان کے ایکس اکائونٹ پر جاری ہونے والے ایک بیان میں دعوی کیا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے سربراہ کی حیثیت سے وہ جیل سے احتجاجی تحریک کی سربراہی کریں گے جس میں ماہرنگ بلوچ کو بھی دعوت دی جائے گی۔اس پیغام میں کہا گیا کہ یہ اڈیالہ جیل سے عمران خان کا پیغام ہے اور اس کے مطابق جیل سے باہر عمران خان کی نمائندگی عمر ایوب کریں گے جبکہ سلمان اکرم راجہ ہدایات پر عملدرآمد کروائیں گے۔ بیان کے مطابق تحریک کا لائحہ عمل چند روز میں قوم کے سامنے پیش کر دیا جائے گا اور اس احتجاجی تحریک کے لیے پارٹی اپنی اتحادی جماعتوں سمیت تحریک تحفظ آئین، جی ڈی اے اور ماہرنگ بلوچ کو بھی دعوت دے گی۔اس بیان میں اس خدشے کا اظہار بھی کیا گیا کہ عمران خان کی جیل میں ملاقاتوں پر پابندی عائد کی جا سکتی ہے۔ اس بیان میں یہ دعوی بھی دہرایا گیا کہ عمران خان کو تین سال خاموش ہو جانے پر آرام سے بنی گالا بیٹھ جانے کا کہا گیا تھا۔عمران خان کے اکانٹ سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اب تک پارٹی سب کو بنی بنائی مل گئی تھی۔ اب مشکل وقت ہے اور سب کا امتحان ہے۔