وزارت دفاع کو 6 لیفٹیننٹ جنرلز کے ناموں کی سمری بھیج دی، آئی ایس پی آر
راولپنڈی (ویب نیوز )
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ وزارت دفاع کو 6 لیفٹیننٹ جنرلز کے ناموں کی سمری بھیج دی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ جی ایچ کیو نے وزارت دفاع کو لیفٹیننٹ جنرلز کے ناموں کی سمری بھیجی، نئے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور آرمی چیف کے لیے سمری بھیجی ہے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاک فوج کے نئے سربراہ کی تعیناتی کے حوالے سے سمری وزیراعظم ہاوس کو موصول ہونے کی تردید کردی۔
وزیردفاع نے اس اہم تعیناتی کی سمری کے حوالے سے میڈیا پر خبریں چلنے کے بعد ٹوئٹ کرکے تردیدی بیان جاری کیا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ وزیراعظم کو ابھی سمری موصول نہیں ہوئی سمری کی وزیراعظم آفس میں وصولی کنفرم وقت پر کی جائےگی۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس اسٹاف کمیٹی کا تقرر بھی فہرست میں شامل ناموں سے ہو گا۔ ناموں پر مشتمل سمری میں لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کا نام پہلے نمبر پر ہے جب کہ لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا کا نام فہرست میں دوسرےنمبر پر ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس سنیارٹی لسٹ میں تیسرے نمبر پر ہیں۔ فور اسٹار جنرلز کی سنیارٹی لسٹ میں لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود چوتھے نمبر پر ہیں۔
سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کا نام فہرست میں پانچویں نمبر پر ہے لیفٹیننٹ جنرل محمدعامر کا نام فہرست میں چھٹےنمبرپرشامل ہے۔
آئین کے تحت مسلح افواج میں فور اسٹار تعیناتیوں کا اختیار وزیراعظم کا ہے۔ فور اسٹار تعیناتیوں کی رسمی منظوری صدرمملکت کی جانب سےدی جاتی ہے۔