فاروق حیدر، سردار عتیق، لطیف اکبر،خواجہ فاروق ،شاہ غلام قادر، چوہدری محمد یاسین کا ردعمل
مظفرآباد (ویب نیوز)
بھارتی جنرل کی جانب سے آزاد جموں کشمیر پر حملے کی دھمکی کو آزادکشمیر کی دینی و سیاسی قیادت نے احمقانہ اور بزدلانہ قرار دیتے ہوئے قرار دیا ہے کہ کشمیری عوام پاک فوج کے شانہ بشانہ جہاد کے لئے تیار ہیں دشمن نے اگر میلی آنکھ سے بھی دیکھا تو اسکی آنکھ پھوڑ دی جائے گی ۔آزادکشمیر بھارتی فوج کے لئے قبرستان ثابت ہوگا ۔ان خیالات کااظہار "صباح نیوز” سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے سینئر وزیر حکومت خواجہ فاروق احمد، وزیر خزانہ عبدالماجد خان، قانون ساز اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری لطیف اکبر، سابقہ وزائے اعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان، قائد مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان، صدر پاکستان مسلم لیگ ن شاہ غلام قادر، صدر پاکستان پیپلزپارٹی چوہدری محمد یاسین، چیئرمین علماء ومشائخ کونسل آزادکشمیر مولانا امتیاز صدیقی ، جمعیت علما اسلام جموں و کشمیر کے سرپرست اعلی مولانا قاری عبدالمالک توحیدی،امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر خالد محمود خان، سابق امیر عبدالرشید ترابی،امیر جمعیت علمائے اسلام جموں وکشمیر مولانا سعید یوسف خان ڈویڑنل سیکرٹری جنرل مولانا قاری عبدالماجد، تحریک جعفریہ کے سربراہ علامہ مفتی کفایت حسین نقوی ، جے کے پی پی کے صدر و ممبر اسمبلی سردار حسن ابراہیم خان،تحریک لبیک کے مرکزی راہنما علامہ مفتی عبدالرؤف نظامی، مرکزی جمعیت اہلحدیث کے ناظم اعلی دانیال شہاب مدنی، جماعت اہلسنت کے قائد علامہ پیر سید نذیر حسین شاہ، علامہ حمید الدین برکتی نے کیا ۔قائدین نے کہا کہ آزادکشمیر پر امن ریاست ہے جو ہمارے اباواجداد نے بزور شمشیر آزاد کروایا مقبوضہ کشمیر پر بھارت نے 1947 سے ناجایز قبضہ جما رکھا ہے جسے ہم ان شااللہ آزاد کروائیں گے سیاسی و دینی قیادت نے بھارتی جنرل کے آزادکشمیر میں دہشتگردوں کے لانچ پیڈ کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے اسے بے بنیاد قرار دیدیا اور کہا کہ آزاد کشمیر میں نام نہاد دہشتگردوں کے لانچ پیڈ کا دعویٰ من گھڑت ہے۔ یہ بیان بھارتی مسلح افواج کی منفی پروپیگنڈا مہم اور سوچ کا مظہر ہے بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں حق خود ارادیت کی جدوجہد کچلنے میں مصروف ہے جس نے اب تک 6 لاکھ سے زاید بے گناہ اور نہتے کشمیریوں کو شہید کیا اب وہ کشمیریوں کے خلاف انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے اس طرح کے بے بنیاد بیانات گڑھتی ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد عالمی قوانین کے تحت حق خودارادیت کشمیریوں کا بنیادی حق ہے۔ پاک فوج خطے میں امن و استحکام کے لیے کردار ادا کر رہی ہے اور وہ ہر قسم کی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہے اور ہم اس کے شانہ بشانہ لڑیں گے جیسے ہمارے والدین اور اجداد نے جہاد کیا۔قائدین نے کہا کہ بھارتی فوج اپنے سیاسی آقاؤں کی انتخابی مہم کے لیے غیر ذمہ دارانہ بیان بازی کر رہی ہیوہ غیر ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیان بازی سے گریز کرے، بھارتی افسر کے بلند و بانگ دعوے غیر حقیقی کے برخلاف ہیں اور ایک جمہوری ریاست کے عوام کی توہین ہے جہاں اسمبلی سپریم کورٹ ہائی کورٹ اپنا الگ آئین اور جھنڈا ہے جبکہ بھارت نے اپنے زیر قبضہ کشمیر میں جمہوری نظام اور مقننہ کا نظام تو درکنار بنیادی انسانی حقوق اور ضروریات تک سلب کردی ہیں جس کی مذمت کرتے ہیں۔