باجوہ سبکدوش، جنرل عاصم منیر نے پاک فوج کے 17ویں سربراہ کی حیثیت سے کی کمان سنبھال لی
عنقریب گمنامی میں چلا جائوں گا لیکن میرا روحانی رابطہ ہمیشہ فوج سے قائم رہے گا، جنرل(ر) قمرجاوید باجوہ کا تبدیلی کمان کی تقریب سے خطاب
کمان کی تبدیلی کی تقریب ہاکی سٹیڈیم جنرل ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوئی،وفاقی وزاراء ،سروسزچیف ،حاضراورریٹائرڈفوجی افسران کی شرکت
ریٹائرڈ ہونے والے اور نئے تعینات ہونے والے پاک فوج کے سربراہان کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا
راولپنڈی( ویب نیوز)
آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سبکدوش ہوگئے،جبکہ جنرل سید عاصم منیر احمد شاہ نے پاک فوج کے 17ویں سربراہ کی حیثیت سے کمان سنبھال لی۔ منگل کو پاک فوج کی کمان کی تبدیلی کی تقریب ہاکی سٹیڈیم جنرل ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوئی جس کے دوران سبکدوش ہونے والے چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجودہ نے باقاعدہ طورپر چھڑی جنرل سید عاصم منیر کے حوالے کی۔اس موقع پر ریٹائرڈ ہونے والے اور نئے تعینات ہونے والے پاک فوج کے سربراہان کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔ تقریب میں وزیرخزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار محمد اسرارترین، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی وخصوصی اقدامات احسن اقبال، وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب، وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی ، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ،گورنر سندھ کامران ٹیسوری، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، پاک فضائیہ او رپاک بحریہ کے سربراہان، سابق آرمی چیف چیف جنرل (ر)راحیل شریف، سابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل (ر)زبیر محمود حیات، پاک فوج کے حاضر سروس سینئر فوجی افسران، سیاستدانوں ، غیر ملکی سفارتکاروں اور صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ بطور چیف آف آرمی سٹاف اپنی چھ سالہ مدت پوری کرنے کے بعد ریٹائرڈ ہونے والے جنرل قمر جاوید باجوہ نے سٹیڈیم جنرل ہیڈکوارٹرز میں پاک فوج کی کمانڈ کی تبدیلی کی تقریب سے خطاب ہوئے کہا کہ چھ سالہ دور میں لائن آف کنٹرول پر اشتعال انگیزی ہو یا ملک کے مختلف علاقوں میں دہشت گردی ، امن وامان کے چیلنجز ہوں یا قدرتی آفات کا مقابلہ اس فوج نے ہمیشہ میری آواز پر لبیک کہا اورجہاں میں نے ان سے پسینہ مانگا انہوں نے مجھے خون دیا، انہیں قربانیوں کی وجہ سے آج پاکستان امن کا گہوارہ ہے، ہماری سپاہ کی قربانیوں کا اعتراف ہمارے دوست اوردشمن دونوں کرتے ہیں۔ مجھے اپنی فوج پر فخر ہے جو اتنے کم وسائل کے باوجود سیاچن کے برف پوش پہاڑو ں سے لے کر تھر کے صحرائوں تک ملک کی جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کرتی ہے۔ یہ فوج لسانیت، رنگ ونسل اور مذہب کی تفریق سے بالاتر ہو کر ملک کے چپے، چپے کا دفاع کرتی ہے۔ مجھے یقین ہے آنے والے وقت میں بھی یہ فوج جنرل عاصم منیر زیر قیادت اس سے بڑھ کر ملکی خدمت اوردفاع کرے گی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک فوج کے ساتھ عمر بھر کی رفاقت کی تکمیل کے موقع پر میں آج اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں کہ اس نے مجھے اس عظیم فوج میں خدمت کا موقع دیا اور یوں مجھے ایک بامقصد زندگی عطا کی، سب سے پہلے میں جنرل سید عاصم منیر کو آرمی چیف کے عہدے پر پروموٹ ہونے پر انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوںاور امید کرتا ہوں کہ ان کی پروموشن ملک اور فوج کی کامیابی کا باعث بنے گی، میری جنرل عاصم منیر سے رفاقت 24سالہ پرانی ہے، جنرل عاصم منیر ایک حافظ قرآن ہونے کے علاوہ ایک پیشہ ور، باصلاحیت اور اصولوں پر کاربند افسر ہیں۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ مجھے پورا یقین ہے کہ جنرل عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج کامیابی کی نئی منازل عبور کرے گی اور ان کی تعیناتی فوج اور ملک کے لئے بہت مثبت ثابت ہو گی، مجھے خوشی ہے کہ میں فوج ایک مایہ ناز اور قابل افسر کے حوالے کر کے ریٹائرڈ ہو رہا ہوں۔ آج سے 44سال پہلے میرا فوجی سفر شروع ہو ا تھا جو آج اختتام پذیر ہورہا ہے، میں اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں کہ اللہ نے مجھے اس بہادر اور عظیم فوج میں نوکری کرنے کا موقع دیا بلکہ اس مایہ ناز فوج کی کمان کا شرف بھی بخشاجو میرے لئے بڑے اعزاز کی بات ہے۔ اس موقع پر میں اپنی پیرنٹ یونٹ یعنی16بلوچ جو مجھے آج سلامی دے رہی ہے کا بھی نہایت مشکور ہوں کہ کیونکہ مجھے اس مقام پر پہنچنانے میں میری یونٹ کا بھی کلیدی کرداررہا ہے، میں ان کو سلام پیش کرتا ہوں۔ جیسا کہ جنرل ڈگلس میک آرتھر نے کہا تھا کہold doldiers do not die they just paid away۔میں بھی ابھی عنقریب گمنامی میں چلا جائوں گا لیکن میرا روحانی رابطہ ہمیشہ فوج سے قائم رہے گا۔ جب فوج کو کامیابی حاصل ہو گی تو مجھے خوشی ہو گی لیکن جب فوج پر مشکل وقت آئے گا تو یہ یقین رکھیے کہ میری دعائیں آپ کے ساتھ ہوں گی۔ آخر میں ، میں پاک فوج اور جنرل عاصم منیر کی کامیابی کے لئے دعا گو ہوں۔ اللہ تعالیٰ آپ کا حامی وناصر ہو، پاک فوج زندہ باد ، پاکستان پائندہ باد۔
پاک فوج میں کمانڈ کی تبدیلی کی تقریب جی ایچ کیو میں جاری ہے۔پاک فوج کے سبکدوش ہونے والے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ اور نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے پہلے یادگار شہدا پر حاضری دی جہاں انہوں نے یادگار شہداء پر پھول رکھے اور شہدا کے بلند درجات کے لیے دعا کی۔