لکی مروت میں پولیس اسٹیشن پر دہشتگردوں کا حملہ، 4 اہلکار شہید،4زخمی،نماز جنازہ پولیس لائن میں ادا
12دہشتگردوں نے ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب تھانہ برگی پردو اطراف سے ہینڈگرینڈ اور راکٹ لانچرز سے تھانے پر حملہ کیا
حملے کے دوران پولیس اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا،پولیس کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی، سرچ آپریشن جاری.
صدرِ مملکت کی لکی مروت میں پولیس اہلکاروں پر دہشت گرد وں کے حملے کی مذمت،دہشت گردی کی باقیات کے مکمل خاتمے تک ہماری کوششیں جاری رہیں ،عارف علوی
آصف زرداری اوربلاول کی لکی مروت میں پولیس پر د ہشت گردوں کے حملے کی مذمت..خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز اور پولیس اہلکاروں پر حملے تشویشناک ہیں، وزیر خارجہ
لکی مروت(ویب نیوز)
لکی مروت کے تھانہ برگئی پر دہشتگردوں کے حملے میں 4 پولیس اہلکار شہید اور 4 زخمی ہوگئے۔ لکی مروت پولیس کے مطابق دہشتگردوں نے ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب تھانہ برگی پردو اطراف سے ہینڈگرینڈ اور راکٹ لانچرز سے تھانے پر حملہ کیا، حملے کے دوران پولیس اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ لکی مروت پولیس کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے دوران 4 پولیس اہلکار شہید ہوئے، حملہ میں 4 پولیس اہلکار زخمی بھی ہو جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ شہید ہونے والوں میں تھانے کا محرر، ہیڈکانسٹیبل ابراہیم، کانسٹیبل عمران ، کانسٹیبل خیرالرحمن اور کانسٹیبل سبز علی شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق زخمیوں میں گل صاحب خان ،کانسٹیبل بلقیاز ، کانسٹیبل امیرنواز اور فرمان اللہ شامل ہیں۔ ضلعی پولیس آفس کے اہلکار نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ نصف شب کے قریب 12 عسکریت پسندوں نے پولیس اسٹیشن پر بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا۔ اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اسٹیشن میں ڈیوٹی پر موجود ہمارے 4 جوان شہید اور چار زخمی ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ حملے کے فوری بعد پولیس کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی، سرچ آپریشن جاری ہے تاہم ابھی تک کوئی گرفتاری نہیں ہوئی۔ شہید اہلکاروں کی نماز جنازہ لکی پولیس لائن میں ادا کی گئی۔ اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے لکی مروت کے تھانہ برگئی پر دہشتگردوں کے حملے میں4 پولیس اہلکار شہید اور چار زخمی ہونے پر اظہار افسوس کیا۔ قومی اسمبلی کے آفیشل ٹوئٹر پیج پر جاری ایک بیان کے مطابق اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ وطن عزیز کے دفاع اور امن کے لیے قربانیاں دینے والے قوم کا فخر اور محسن ہیں۔
صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے لکی مروت کے علاقے میں پولیس اہلکاروں پر ہونے والے دہشت گرد وں کے حملے کی مذمت کی ہے۔ایک بیان میں صدر عارف علوی نے شہید پولیس اہلکاروں کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی صحت یابی کے لیے دعا کی ہے۔صدرِ مملکت نے حملے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار بھی کیا ہے۔صدر مملکت عارف علوی کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کی باقیات کے مکمل خاتمے تک ہماری کوششیں جاری رہیں گی۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین وسابق صدر آصف علی زرداری اورپاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ضلع لکی مروت میں دہشت گردوں کے ہاتھوںچار پولیس اہلکاروں کی شہادت کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اتوار کے روز ٹوئٹرپر جاری اپنے بیان میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے لکی مروت میں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی فورسز اور پولیس اہلکاروں پر حملے تشویشناک ہیں۔ دہشت گردوں کا پیچھا کرکے انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ بلاول بھٹو زرداری نے شہید پولیس اہلکاروں کے خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہارکیا اور زخمی پولیس اہلکاروں کی جلد صحت یابی کیلئے دعاکی۔ جبکہ سابق صدر آصف علی زرداری نے لکی مروت میں دہشتگردی کی مذمت کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا۔ آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں دہشتگردی کے واقعات میں اضافہ باعث تشویش ہے۔ دہشتگردوں کی سرکوبی کیلئے سخت اقدامات اٹھائے جائیں۔آصف علی زرداری نے شہید پولیس اہلکاروں کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور زخمی پولیس اہلکاروں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔
وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے لکی مروت میں دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کرلی۔ وزیر اعلی کے پی نے زخمی پولیس اہلکاروں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔ محمود خان نے شہید ہونے والے اہلکاروں کی درجات بلندی اور لواحقین کے لیے صبر و تحمل کی دعا کی۔ انکا کہنا تھا کہ واقعہ انتہائی افسوس ناک ہے، شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائے گی۔ واضح رہے کہ گزشتہ شب لکی مروت میں تھانہ برگی میں دہشت گردوں کے حملے میں 4 پولیس اہلکار شہید اور 4 زخمی ہوگئے۔ دہشت گردوں نے ہینڈ گرینڈ اور راکٹ سے تھانے پر حملہ کیا۔