اسلام آباد (ویب نیوز)
اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کا خدشہ، وزارت داخلہ نے اسلام آباد کی یونین کونسلوں کی تعداد میں اضافے کی سمری وفاقی کابینہ کو بھیج دی ۔وزارت داخلہ کی جانب سے بھجوائی گئی سمری میں اسلام آباد کی موجودہ یونین کونسلوں کی تعداد 101سے بڑھا کر 125کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن انتخابات 31دسمبرکوہونے ہیں۔ وزارت داخلہ نے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان کی منظور ی سے اسلام آباد کی یونین کونسلوں کی تعداد بڑھانے کی سمری وفاقی کابینہ کو بھجوادی ہے۔ سمری میں کہا گیا کہ اسلام آباد کیپیٹل ٹیرٹری لوکل گورنمٹ ایکٹ کا نفاذ2015میں کیا گیا تھا۔ اس ایکٹ کے تحت میونسپل کارپوریشن اسلام آباد کا قیام عمل میں لایا گیا تھا۔ سمری کے مطابق ایڈمسٹریٹر میونسپل کارپوریشن اسلام آباد کی جانب سے بتایا گیا کہ 2017کی مردم شماری کے مطابق اسلام آباد کی یونین کونسلوں کی تعداد 101مقررکی گئی تاہم پانچ سال کا وقت گزرنے کے بعداسلام آباد کی آبادی میں اضافہ ہو چکا ہے اوراس اضافہ کو مدنظررکھتے ہوئے یونین کونسلوں کی تعداد 101سے125کی جائے۔ سمری میں کہا گیا کہ آئی سی ٹی لوکل گورنمٹ ایکٹ 2015کے یہ وفاقی حکومت کو اختیار حاصل ہے کہ وہ بذریعہ نوٹیفکیشن اسلام آباد میں یونین کونسلوں کی تعداد کا تعین کرے۔ وزارت داخلہ نے وفاقی کابینہ کی منظوری سے جو نوٹیفکیشن جاری کیا تھا اس میں اسلام آباد کی یونین کونسلوں کی تعداد 101مقرر کی گئی تھی۔ ایڈمنسٹریٹر ایم سی آئی کی درخواست پر یہ تجویز دی جاتی ہے کہ اسلام آباد کی یونین کونسلوں کی تعدادموجودہ آبادی کے تناسب سے101سے بڑھا کر 125کی جائے۔ یونین کونسلوں کی تعداد بڑھانے کے وفاقی کابینہ کی منظوری درکار ہے۔ وزیر داخلہ نے سمری دیکھ لی اورسمری وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پیش کرنے کی منظوری دے دی ہے۔سمری سپیشل سیکرٹری سیف انجم کے دستخطوں سے بھجوائی گئی۔