گورنر پنجاب نے وزیراعلیٰ پرویز الہٰی کو ڈی نوٹیفائی کردیا
گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے وزیراعلیٰ پرویز الہٰی کو ڈی نوٹیفائی کردیا، پرویز الہٰی نئے قائد ایوان کے چناؤ تک عہدے پر کام کریں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پرویزالہیٰ نئے قائد ایوان کے انتخاب تک عہدے پر کام جاری رکھیں گے۔
گورنر پنجاب کی جانب سے انتظامیہ اور پولیس کو پنجاب کابینہ سے ہدایات لینے سے بھی روک دیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں چیف سیکرٹری پنجاب عبداللہ سنبل نے گورنر پنجاب کے احکامات پر عملدرآمد شروع کردیا ہے جس کے تحت چوہدری پرویز الہیٰ کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے انہیں بطور وزیر اعلیٰ اور پنجاب کابینہ کو فارغ کردیا گیا ہے۔
چوہدری پرویز الہیٰ نے گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کے اقدام کے خلاف عدالت جانے کا اعلان کر دیا۔
پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کے اقدام کے خلاف ہم عدالت جائیں گے، اس نوٹیفکیشن کو نہیں مانتے یہ غیر آئینی ہے۔
پرویز الہیٰ نے کہا کہ گورنر کا نوٹیفکیشن غیر آئینی ہے جسے تسلیم نہیں کرتے، میں وزیر اعلیٰ ہوں اور پنجاب کابینہ کام کرتی رہے گی۔
دوسری جانب چوہدری پرویز الہیٰ نے اپنی قانونی ٹیم کے ساتھ رابطہ کیا ہے اور گورنر پنجاب کے اقدام کے خلاف عدالت جانے کیلئے مشاورت شروع کردی ہے۔
یاد رہے کہ گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے پرویز الہیٰ کو وزارت اعلیٰ کے عہدے سے ڈی نوٹیفائی کردیاہے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق پرویز الہیٰ نئے قائد ایوان کے چناؤ تک عہدے پر کام کریں گے۔