بھارت: فوجیوں کی گاڑی کھائی میں گر گئی، 3 افسران سمیت 16 اہلکار ہلاک
ریاست سکم میں ایک ٹرک اور 3 دیگر گاڑیوں پر مشتمل فوجی قافلہ چٹن کے علاقے سے تھانگو جا رہا تھا
راستے میں جیما کے مقام پر ایک ڈھلوان پر ڈرائیور ٹرک پر قابو نہ رکھ پایا،فوجی ٹرک گہری کھائی میں گر کر مکمل طور پر تباہ ہو گیا
نئی دہلی( ویب نیوز)
بھارتی ریاست سکم میں بھارتی فوج کی گاڑی سڑک سے پھسل کر بھاری پتھروں سے ٹکراتے ہوئے پہاڑی کے بیچ جاگری جس کے نتیجے میں تین افسران سمیت 16 فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست سکم میں ایک ٹرک اور 3 دیگر گاڑیوں پر مشتمل فوجی قافلہ چٹن کے علاقے سے تھانگو جا رہا تھا کہ راستے میں جیما کے مقام پر ایک ڈھلوان پر ڈرائیور ٹرک پر قابو نہ رکھ پایا۔فوجی ٹرک گہری کھائی میں گر کر مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔ فوجیوں کو نکالنے کے لیے فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا اور ہیلی کاپٹر کے ذریعے 4 اہلکاروں کو شدید زخمی حالت میں قریبی ملٹری اسپتال منتقل کیا گیا۔کھائی اتنی گہری تھی کہ امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا رہا۔ جائے وقوعہ سے 16 فوجیوں کی لاشیں اسپتال منتقل کی گئی جن میں سے 3 اعلی افسران اور 13 اہلکار تھے۔بھارتی فوج کے ترجمان نے حادثے میں جانوں کے نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ ٹریفک حادثہ تھا جس میں دہشت گردی کے عنصر کا کوئی سراغ نہیں ملا تاہم انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی ،خیال رہے کہ سکم بھارت کی شمالی مشرقی ریاست ہے جو کہ جس کو بھوتان کی سرحد سے لگتی ہے۔واضح رہے کہا اس سے قبل رواں برس مئی میں لداخ میں بھارتی فوج کی گاڑی دریائے شیوک کے قریب سڑک سے پھسل کر دریا میں جاگری جس کے نتیجے میں 7 فوجی اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔