زرداری، پی ڈی ایم کے پاس ارکان کی منڈی لگانے اور گندی سیاست کے علاوہ کچھ نہیں،سینئر صحافیوں سے گفتگو
لاہور (ویب نیوز)
سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میری پیشگوئی ہے عام انتخابات مارچ یا اپریل 2023 میں ہوں گے، حالیہ دہشتگردی سے نمٹنا حکمرانوں کے بس کی بات نہیں، زرداری، پی ڈی ایم کے پاس ارکان کی منڈی لگانے اور گندی سیاست کے علاوہ کچھ نہیں۔سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ ق لیگ کے ساتھ اتحاد کر رہے ہیں کیونکہ انہوں نے ساتھ دیا، پرویزالہی گروپ ہمارے ساتھ بہتر چل رہا ہے، مجھے ابھی تک ان پر اعتماد ہے، پیر کو قومی اسمبلی اراکین استعفوں کی تصدیق کیلئے جائیں گے، حکومت میں آنے کیلئے کوئی سمجھوتہ نہیں کروں گا۔سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ اداروں میں اس وقت مفاد پرست لوگ موجود ہیں، عدالت نے ہمیں موقع دے دیا ہے کہ جب مرضی اعتماد کا ووٹ لیں، کسی کو موقع نہیں دوں گا کہ اقتدار کیلئے عوام کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائے، ملک کا سیاسی اور معاشی استحکام نئے الیکشن میں ہی ہے۔انہوں نے کہا کہ آخری ایک سال میں پتہ چلا جنرل(ر) باجوہ احتساب چاہتے ہی نہیں، جنرل (ر) باجوہ سمجھتے رہے پی ٹی آئی کا عروج کم ہو گا لیکن ہوا نہیں، پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے پاس فنڈنگ کی کوئی رسید نہیں، ہمارے پاس 40 ہزار ڈونرز کا ڈیٹا بیس موجود ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ سپریم کورٹ نے کہا تھا سب جماعتوں کا اکٹھا کیس چلے، الیکشن کمیشن اسٹیبلشمنٹ سے کنٹرولڈ ہے، کوئی صحیح آرمی چیف ہوتا تو ہم ملک میں صفائی کردیتے ،جنرل (ر) باجوہ نے زرداری اور مراد علی شاہ سے ڈیل کر رکھی تھی، بلاول بھٹو نے میرے سے زیادہ بیرونی دورے کیے ۔ اگر یہ اپنے پیسے پر دورے کر رہے ہیں تو بلاول کے یہ نجی دورے ہیں؟۔دریں اثنا عمران خان سے نیوز کیمرا مین ایسوسی ایشن کے نمائندوں کی ملاقات ہوئی، جس میں انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے ملک میں یکساں تعلیمی نظام متعارف کروایا تھا۔ دوبارہ برسر اقتدار آئے تو موثر یکساں نظام تعلیم پر عمل کروائیں گے۔ مزدوروں کی تنخواہ اپنے دور میں 18 سے بڑھا کر 25 ہزار روپے کی، دوبارہ موقع ملا تو اسے مہنگائی کی نسبت دوگنا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ جرنلسٹ اور کیمرہ مین فرنٹ لائن سولجر ہیں۔