بحیثیت قوم آزاد وطن میں سانس لینے پر ہم قائداعظم محمد علی جناح کا عظیم احسان کبھی فراموش نہیں کرسکتے: چودھری پرویز الٰہی

آج خود کو جانچنے کا دن ہے کہ ہم قائد کے پیغام پر کس قدر عمل پیرا ہیں، پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے تو ہمیں جناح کی تعلیمات پر عمل کرنا ہو

لاہور ( ویب  نیوز)

وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ یوں دی ہمیں آزادی کہ دنیا ہوئی حیران، اے قائد اعظم تیرا احسان ہے احسان۔وزیر اعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت پر اپنے پیغام میں کہا کہ آزادی جیسی نعمت کا کوئی نعم البدل نہیں اور اس سے بڑھ کر کوئی چیز قیمتی نہیں۔بحیثیت قوم آزاد وطن میں سانس لینے پر ہم قائداعظم محمد علی جناح کا عظیم احسان کبھی فراموش نہیں کرسکتے ۔  قائد اعظم  عظیم سیاسی مدبر تھے،جنہوں نے تاریخ کے دھارے کو یکسر بدل دیا۔ قائد اعظم  کردار کے غازی تھے، گفتار کے نہیں۔انہوں نے کہا کہ آج خود کو جانچنے کا دن ہے کہ ہم قائد کے پیغام پر کس قدر عمل پیرا ہیں۔ اگر پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے تو ہمیں محمد علی جناح کی تعلیمات پر عمل کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تحمل،برداشت اوررواداری پر مبنی فلاحی معاشرے کا قیام بانی پاکستان محمد علی جناح کا خواب تھا ۔ قائداعظم  کی تعلیمات اورافکار پر عمل کر کے ہم پاکستان کو حقیقی معنوں میں فلاحی ریاست بناسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ سیاسی اور ذاتی مفادات کو پس پشت رکھ کر بحیثیت قوم اپنی صفوں میں اتحاد و یکجہتی کی مثالی فضا پیدا کی جائے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج کے دن ہمیں قائد اعظم کے فرمودات کے مطابق پاکستان کو عظیم سے عظیم تر ملک بنانے کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کا رلانے کے عزم کااعادہ کرنا ہوگا