- سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے آگاہی مہمات کا سلسلہ جاری رہے گا، شہزادہ عمر عباس
پشاور (ویب نیوز)
سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے سال 2022ء کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی جس کے تحت ٹریفک عملے نے سال 2022ء کے دوران ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 7 لاکھ افراد کیخلاف کارروائیاں کی ہیں۔ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے جاری کردہ اعداد شمار کے مطابق نو پارکنگ زون میں گاڑیاں کھڑی کرنے پر 75 ہزار 929 افراد’ بغیر روٹ پرمٹ کے گاڑی چلانے پر 3 ہزار 824′ ہیلمٹ کے بغیر ڈرائیونگ کرنے پر 1 لاکھ 51 ہزار 364′ کالے شیشوں کے استعمال پر 12 ہزار 955′ دوران سفر موبائل فون کے استعمال پر 2070′ بغیر سیٹ بیلٹ غیر محفوظ حالت میں سفر کرنے پر 23 ہزار 503′ کم عمری میں ڈرائیونگ پر 2282′ غیر رجسٹرڈ گاڑیاں چلانے پر 6330′ ایمرجنسی گاڑیوں کی روانی میں خلل ڈالنے پر 1361′ کسی بھی خلاف ورزی کو دہرانے پر 9 ہزار 31′ غلط اوورٹیکنگ کرنے پر 8 ہزار 819′ لائسنس پیش کرنے سے انکار کرنے پر 13 ہزار 996′ غلط یوٹرن پر 8 ہزار 84′ بغیر ڈرائیونگ لائسنس کے گاڑی چلانے پر 16 ہزار 345′ ٹریفک میں مزاہم پر 23 ہزار 503′ سامان کی غلط لوڈنگ پر 9 ہزار326′ گاڑی کے اشارے کو غلط استعمال کرنے پر 25 ہزار 171′ ٹریفک قطار کو توڑنے پر 68 ہزار 657′ اوور سپیڈنگ پر 9297′ اور ون وے خلاف ورزی پر 58001 افراد کیخلاف کارروائیاں کی گئی ہیں اسی طرح دیگر ٹریفک قوانین پر عملدرآمد نہ کرنے پر بھی کارروائیاں عمل میں لائی گئی ہیں۔ سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے واضح کیا ہے کہ ٹریفک عملے کی جانب سے آگاہی مہمات کی بدولت جان لیوا ٹریفک حادثات میں 2021ء کی نسبت 19 فیصد کمی آئی ہے جبکہ دیگر ٹریفک حادثات میں 20 فیصد کمی آئی ہے۔ چیف ٹریفک آفیسر شہزادہ عمر عباس بابر نے کہا ہے کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو ہر صورت میں یقینی بنایا جائیگا اور اس سلسلے میں کسی کے ساتھ نرمی نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آگاہی مہمات کا سلسلہ جاری رہے گا تاکہ شہری محفوظ طریقے سے ڈرائیونگ کریں۔ چیف ٹریفک آفیسر شہزادہ عمر عباس بابر نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی دینے کا سلسلہ جاری رہے گا تاکہ ٹریفک حادثات میں کمی واقع ہو اور شہریوں کو ٹریفک سے متعلق کسی قسم کے مشکلات درپیش نہ ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور شہریوں کو سفری سہولیات فراہمی کیلئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائے گی جبکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ بدستور جاری رہے گا۔