• ڈکیت گینگز کو گرفتار سے72 کروڑ روپے سے زائد مال مسروقہ  اور چھینی گئی 118 گاڑیاں اور 1682موٹر سائیکلیں برآمد
  • آئی جی پنجاب نے پولیس کو جرائم کے قلع قمع کیلئے کریک ڈائون میں مزید تیزی کا حکم دیا ہے،رپورٹ

لاہور (ویب نیوز)

پنجاب پولیس نے گذشتہ 70 روز کے دوران ہونے والے پولیس آپریشنز اور گرفتاریوں کی رپورٹ جاری کردی۔ قتل،ڈکیتی،اغواء برائے تاوان سمیت دیگر سنگین جرائم میں ملوث 3300 اشتہاریوں سمیت 21332 اشتہاری ملزمان گرفتارکئے گئے۔ترجمان پنجاب پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پولیس ٹیموں نے صوبہ بھر میں 965 ڈکیت گینگز کو گرفتار کرتے ہوئے تقریبا 72 کروڑ روپے سے زائد مال مسروقہ برآمد کیا۔مجرمان سے مختلف وارداتوں میں چھینی اور لوٹی گئی 118 گاڑیاں اور 1682موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں۔صوبہ بھر میں منشیات کے خلاف 7197 مقدمات درج کرکے 7344 ملزمان کو گرفتار جبکہ 3200 کلو گرام سے زائد منشیات برآمد کی گئیں۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق سی ٹی ڈی کی ٹیموں نے 301 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں 69 دہشت گردوں اور شرپسند عناصر کو گرفتار کیا۔سی ٹی ڈی پر فائرنگ کے واقعات میں 4 خطرناک دہشت گرد منطقی انجام کو پہنچے۔ڈاکوئوں اور سماج دشمن عناصر نے پولیس پر 139 مرتبہ فائرنگ کی جس کے جواب میں 61 ڈاکووراہزن انجام کو پہنچے۔مذکورہ واقعات میں 80 خطرناک ڈاکوئوں ، راہزن اور سماج دشمن عناصر کو زخمی حالت میں ہسپتال پہنچایا گیا۔پولیس کے سماج دشمن عناصر سے مڈھ بھیڑ کے واقعات میں ایک پولیس جوان شہید جبکہ21 جوان زخمی ہوئے۔پولیس ٹیموں نے مجموعی طور پر صوبہ بھر میں مختلف جرائم میں مطلوب 62 ہزار سے زائد ملزموں کو گرفتار کیا۔پولیس نے 26989 واقعات کی ایف آئی آرز درج کیں جن میں ڈکیتی کی 121، رابری کی10289 جبکہ موٹر وہیکل چوری کی 16579 ایف آئی آرز شامل ہیں۔فورس کی ویلفیئر کیلئے ترجیحی اقدامات جاری ، مختلف کیٹیگریز کی مد میں2ارب20کروڑ روپے خرچ کیے گئے۔پولیس ملازمین کو طبی اخراجات کیلئے 662 ملین،بطور ویڈنگ گفٹ 286 ملین اور تعلیمی سکالرشپس کی مد میں 253 ملین روپے دیئے گئے۔تجہیز و تکفین کیلئے 30 ملین،مینٹی نینس الائونس 133 ملین جبکہ آخری بیسک پے کی مد میں 85 ملین روپے دیئے گئے۔آئی جی پنجاب پولیس ڈاکٹرعثمان انور نے پولیس کو جرائم کے قلع قمع کیلئے سماج دشمن عناصر کے خلاف کریک ڈائون میں مزید تیزی کا حکم دیا ہے۔