- الیکشن کمیشن نے فریقین کو 17جنوری تک شوکاز نوٹسز کے جواب جمع کروانے کا حکم دے دیا
- چار ماہ سے کیس زیر سماعت ہے، کیوں فریقین پیش نہیں ہورہے؟ عمران میڈیکل سرٹیفکیٹ جمع کروائیں،نثار احمد درانی
- فواد چوہدری کی والدہ علیل ہیں جبکہ اسد عمر کی کراچی سے آنے والی فلائٹ تاخیر کا شکار ہو گئی ،وکیل محمدعلی بخاری
- اگر ملزمان آئندہ سماعت پر پیش نہ ہوئے توان کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے جائیں گے، الیکشن کمیشن
اسلام آباد( ویب نیوز)
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے توہین الیکشن کمیشن وچیف الیکشن کمشنر کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان، پی ٹی آئی سیکرٹری جنرل اسد عمر اور نائب صدر پی ٹی آئی فواد چوہدری کو پیشی کے لئے آخری مہلت دیتے ہوئے قراردیا ہے کہ اگر ملزمان آئندہ سماعت پر پیش نہ ہوئے توان کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے جائیں گے۔الیکشن کمیشن نے فریقین کو 17جنوری تک شوکاز نوٹسز کے جواب جمع کروانے کا حکم بھی دیا ہے۔ ممبر الیکشن کمیشن سندھ نثار احمد درانی کی سربراہی میں ممبر الیکشن کمیشن بلوچستان شاہ محمد جتوئی، ممبر الیکشن کمیشن پنجاب بابر حسن بھروانہ اور ممبر الیکشن کمیشن خیبر پختونخوا جسٹس (ر) اکرام اللہ خان پر مشتمل الیکشن کمیشن کے چار رکنی بینچ نے عمران خان، اسدعمر اور فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن وچیف الیکشن کمشنر کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت پی ٹی آئی کے وکیل سید محمد علی بخاری کا کہنا تھا کہ عمران خان کی صحت اجازت نہیں دیتی کہ وہ الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوں، فواد چوہدری کی والدہ علیل ہیں جبکہ اسد عمر کی کراچی سے آنے والی فلائٹ تاخیر کا شکار ہو گئی ہے جس کی وجہ سے وہ الیکشن کمیشن کے سامنے پیش نہیں ہورہے۔ دوران سماعت بینچ کے سربراہ نثار احمد درانی کا کہنا تھا کہ چار ماہ سے کیس زیر سماعت ہے، کیوں فریقین پیش نہیں ہورہے؟عمران خان اپنا میڈیکل سرٹیفکیٹ جمع کروائیں، جو شوکازنوٹس جاری کیا گھا تھا اس کا جواب بھی آئندہ سماعت سے قبل جمع کروایا جائے۔ ووران سماعت بینچ کا کہنا تھا کہ ستمبر سے یہ کیس زیر سماعت ہے، ابھی تک توہین عدالت نوٹس کے جواب تک نہیں کرائے گئے، کیس نہیں چلانا تو ہم حتمی فیصلہ دے دیتے ہیں۔الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کے وارنٹ جاری کردیتے ہیں۔ اس پر پاکستان تحریک انصاف کے وکیل کا کہنا تھا کہ پہلی مرتبہ الیکشن کمیشن نے کسی کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا ہے۔ اس پربینچ کے سربراہ نثار احمد درانی کا کہنا تھا کہ عمران خان اور فواد چوہدری کو پہلے بھی توہین الیکشن کمیشن کے نوٹسز جاری ہو چکے ہیں ۔ پی ٹی آئی وکیل کا کہنا تھا کہ وارنٹ جاری نہ کریں پیشی کا نوٹس دے دیں۔ ممبر الیکشن کمیشن خیبر پختونخوا جسٹس (ر) اکرام اللہ خان کا کہنا تھا کہ اگلی سماعت پر پیش نہ ہوئے تو وارنٹ جاری کریں گے،وارنٹ جاری کرنے کے معاملے پر آرڈر جاری کرینگے۔