سلیمان شہبازکا مقدمہ میں نام شامل کیا جانا انتقامی کارروائی ہے لہذاان کا مقدمہ سے کوئی تعلق نہیں،وکلائ

گذشتہ روزہی سلیمان شہبازنے تفتیش جوائن کی ہے لہذاتفتیش مکمل کرنے کے لئے مہلت دی جائے،تفتیشی افسر

 

لاہور (ویب نیوز)

لاہور کی سپیشل سینٹرل کورٹ نے وزیر اعظم میاں محمد شہبازشریف کے صاحبزادے سلیمان شہبازشریف کی منی لانڈرنگ کیس میں عبوری ضمانت میں 21جنوری تک توسیع کردی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر کوتفتیش مکمل کر کے مکمل رپورٹ جمع کروانے کا حکم دیا ہے۔ 16ارب روپے کی مبینہ منی لانڈرنگ کے مقدمہ میں سلیمان شہبازشریف عبوری ضمانت ختم ہونے پراپنے وکلاء کے ہمراہ ایف آئی اے کی سپیشل سینٹرل کورٹ میں پیش ہوئے۔ دوران سماعت سلیمان شہباز کے وکلاء نے عدالت کو بتایا کہ سلیمان شہبازکا اس مقدمہ میں نام شامل کیا جانا سیاسی انتقامی کارروائی ہے، لہذاان کا اس مقدمہ سے کوئی تعلق نہیں، ان کی عبوری ضمانت کنفرم کی جائے۔ اس موقع پر عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ بتائیں کہ کیا تفتیش مکمل ہو گئی ۔اس پر تفتیشی افسر نے کہا کہ گزشتہ روزہی سلیمان شہبازشریف نے تفتیش جوائن کی ہے لہذاتفتیش مکمل کرنے کے لئے مہلت دی جائے۔ عدالت نے کہا کہ آپ کو پہلے بھی 15روز کی مہلت دی اورآپ پھر مہلت مانگ رہے ہیں ۔عدالت نے سلیمان شہبازشریف کی عبوری ضمانت میں 21جنوری تک توسیع کرتے ہوئے تفتیشی افسر کو حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر تفتیش کو ہر صورت مکمل کر کے رپورٹ عدالت میں جمع کروائی جائے۔