لاہور (ویب نیوز)
لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند چھائی رہی ، دھند کے باعث موٹرویز اور ایئرپورٹ کو جزوی طور پر بند کر دیا گیا ۔ترجمان موٹرویز پولیس سید عمران احمد کے مطابق موٹروے ایم ٹو لاہور سے کوٹ مومن ، لاہور ملتان موٹروے ایم تھری فیض پور سے درخانہ، موٹروے ایم فور فیصل آبار سے عبد الحکیم تک شدید دھند اور حد نگاہ میں کمی کے باعث بند کردی گئی ، موٹروے ایم فائیو کو شیر شاہ سے ترنڈہ محمد پناہ اور لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم الیون کو بھی شدید دھند کے باعث بند کر دیا گیا۔دوسری جانب لاہور سے اسلام آباد جی ٹی روڈ بھی شدید دھند کی لپیٹ میںر ہے ، گوجرانوالہ، گجرات ، وزیر آباد سمیت دیگر علاقوں میں دھند کا راج رہا، لاہور سے کراچی جانے والی نیشنل ہائی وے پر بھی شدید دھند رہی۔میدانی علاقوں میں حد نگاہ بہت زیادہ کم رہی ، ساہیوال ، اوکاڑہ ، پتوکی اور دیگر شہر شدید دھند چھا ئی رہی ۔علاوہ ازیں علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حد نگاہ پچاس فیصد سے کم ہے جس کے باعث 12 پراوزیں متاثر ہوئیں ، 10 تاخیر کا شکار رہیں اور دو پروازوں کا رخ اسلام آباد کی جانب موڑا گیا۔لاہور رنگ روڈ کے اطراف میں بھی شدید دھند تھی جس کے باعث ٹریفک روانی متاثر ہوئی ۔