اسلام آباد (ویب نیوز)
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کام کی جگہ پر جنسی ہراسانی کے کیس میں ملزم کی اپیل کو مسترد کردیا۔ جمعہ کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے وفاقی محتسب برائے انسدادِ ہراسیت بمقامِ کار کے فیصلے کے خلاف درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے ملزم کی درخواست مسترد کرتے ہوئے اس کا کیس دوبارہ محتسب کو بھیج دیا۔صدر مملکت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ نئے وکیل سے ایک بار پھر شکایت کنندہ کی جرح کرانے کی درخواست کی کوئی بنیاد نہیں۔ صدر مملکت کی جانب سے انسداد ہراسیت محتسب کے فیصلے کی توثیق کے بعد کیس انسدادِ ہراسیت محتسب کو حتمی فیصلے کے لئے واپس بھیج دیا گیا ہے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ملزم کی طرف سے دائر اپیل شکایت کنندہ کی تکلیف اور اذیت بڑھانے کی ایک کوشش ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلے ہی معاملے پر ملزم کی متفرق درخواستوں کی وجہ سے کافی وقت صرف ہوچکا ہے، قانونی چارہ جوئی کا ایک نیا دور شروع کرنا متعلقہ ایکٹ کی روح کے خلاف ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ شکایت کنندہ نے 27 مئی 2019 کو محتسب کے سامنے جنسی ہراساں کا کیس دائر کیا تھا۔ ملزم نے صدر مملکت کو محتسب کے 23 ستمبر2021 کے حکم کے خلاف درخواست دائر کی۔ ملزم نے محتسب کے سامنے معاملہ زیر التواہونے کے باوجود اپیل دائر کی تھی۔