پاکستان دہشتگردی سے نمٹنے کی بھر پور صلاحیت رکھتا ہے، ترجمان دفتر خارجہ

بھارتی وزیر اعظم کی پاکستان دورے کی خبر مفروضے پر مبنی ہے، جس پر تبصرہ نہیں کیا جاتا

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کی مذمت کرتے ہیں، پاکستان کشمیریوں کی ہر سطح پر حمایت جاری رکھے گا

وزیر اعظم کے دورہ متحدہ عرب امارات میں فریقین نے شراکت داری کو فروغ دینے اور سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق کیا

جنیوا کانفرنس میں پاکستان کو ملنے والی امداد موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے خرچ کی جائے گی

بلاول بھٹواورحنا ربانی کھر 16تا 20جنوری ڈیوس میں ورلڈ اکنامک فورم میں شرکت کریں گے، ڈیوس میں عالمی رہنمائوں سے ملاقاتیں گے

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کی ہفتہ وار پریس بریفنگ

اسلام آباد(ویب  نیوز)

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان دہشتگردی سے نمٹنے کی بھر پور صلاحیت رکھتا ہے، بھارتی وزیر اعظم کی پاکستان دورے کی خبر مفروضے پر مبنی ہے، جس پر تبصرہ نہیں کیا جاتا۔مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کی مذمت کرتے ہیں، پاکستان کشمیریوں کی ہر سطح پر حمایت جاری رکھے گا۔جنیوا کانفرنس میں پاکستان کو ملنے والی امداد موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے خرچ کی جائے گی ۔دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ، وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے دورے کے دوران متحدہ عرب امارات کے صدر اور وزیر اعظم کے علاوہ متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم سے ملاقاتیں کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے رہنمائوں نے ان ملاقاتوں کے دوران پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبوں میں باہمی فائدہ مند تعاون کو مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا ہے۔دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ فریقین نے دو طرفہ سرمایہ کاری تعاون کو وسعت دینے، شراکت داری کو فروغ دینے اور سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے شکرگزار ہیں جنہوں نے مشترکہ طور پر جنیوا میں سیلاب زدگان کے لیے کانفرنس کی میزبانی کی۔ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ سیکریٹری جنرل یو این سیلاب زدگان کی آواز بنے اور کانفرنس میں شریک ہوئے۔انہوں نے کہا کہ رواں موسم سرما میں لوگوں کو سردی سے بچانا ہماری فوری ترجیحات میں شامل ہے۔ ترجمان نے کہا کہ رواں ہفتے پاکستان نے جنیوا میں ڈونرز کانفرنس منعقد کی جس میں عالمی برادری اور مالیاتی اداروں نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لئے دل کھول کر مدد کی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بلاول بھٹو 16تا 20جنوری ڈیوس میں ورلڈ اکنامک فورم میں شرکت کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ بلاول بھٹو اور وزیر مملکت حنا ربانی کھر ڈیوس میں عالمی رہنمائوں سے ملیں گے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے 11جنوری کو کابل میں دہشتگردی کے واقعے کی مذمت کی، وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے قائم مقام افغان وزیر خارجہ سے گزشتہ روز فون پر بھی بات کی۔ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ دہشت گردی دونوں ممالک کے لئے خطرہ ہے ،  پاکستان مشکل وقت میں افغانستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتا ہے۔دفتر خارجہ کی ترجمان نے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی ہر سطح پر حمایت جاری رکھے گا۔ ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پر ظلم جاری رکھے ہوئے ہے، اور بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں غیر مقامی افراد کو زمین خریداری کا اختیار دے دیا۔ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے توازن میں تبدیلی کر رہا ہے، اور مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی زرعی زمینوں پر قبضے کروا رہا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیر اعظم کے دورہ پاکستان کے بارے میں مضمون مفروضے پر مبنی ہے، مفروضے پر مبنی مضمون پر تبصرہ نہیں کرتے، تجارت اور سرمایہ کاری سے متعلق ایشوز پر بات میں مہینوں لگتے ہیں۔