ملک بھر میں نئی ڈیجیٹل مردم شماری کا شیڈول جاری،آغاز  مارچ میں ہوگا

ڈیجیٹل مردم شماری کیلئے ایک لاکھ 26 ہزار ٹیبلٹ خریدے گئے،34ارب روپے خرچ ہونگے، چیف شماریات ڈاکٹر نعیم الظفر  کی میڈیا سے گفتگو

اسلام آباد(ویب  نیوز)

چیف شماریات ڈاکٹر نعیم الظفر کا کہنا ہے کہ نئی ڈیجیٹل مردم شماری مارچ میں شروع ہوگی اور اپریل میں مکمل ہوگی،ڈیجیٹل مردم شماری کیلئے ایک لاکھ 26 ہزار ٹیبلٹ خریدے گئے، فوج صرف سیکیورٹی فراہم کریگی۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں ممبر شماریات سرور گوندل کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں ڈاکٹر نعیم الظفر کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل مردم شماری پر34ارب روپے خرچ ہوں گے جبکہ گزشتہ مردم شماری پر17ارب روپے کے اخراجات آئے تھے۔چیف شماریات نے کہا کہ مردم شماری کیلیے ایک لاکھ21 ہزار شمار کنندگان کی خدمات حاصل کی گئی ہیں جبکہ ڈیجیٹل مردم شماری کیلئے ایک لاکھ 26 ہزار ٹیبلٹ خریدے گئے ہیں۔ ڈاکٹر نعیم الظفر کا کہنا تھا کہ نئی مردم شماری میں فوج صرف سیکیورٹی فراہم کریگی، مردم شماری کیلئے سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ 6 ماہ یا اس سے زائد عرصہ کسی جگہ قیام کرنے والوں کوشمارکیاجائے گا۔   مردم شماری میں غیرملکی شہریوں کو بھی شمار کیا جائے گا تاہم غیرملکیوں سے ان کی شہریت پوچھی جائے گی۔اس موقع پر ممبر شماریات سرور گوندل کا کہنا تھا کہ نئی مردم شماری کیلئے قومی شناختی کارڈ کی شرط نہیں ہوگی جبکہ مردم شماری کے ساتھ اکنامک ڈیٹا کا فریم ورک بھی تیار کیا جائے گا۔