فوج کے بغیر پاکستان آگے نہیں بڑھ سکتا، ق لیگ آگے چل کر پی ٹی آئی کا حصہ بن جائے گی،عمران خان

ا پنے ساتھ ہونے والی زیادتیاں معاف کردوں گا، جس نے پاکستان کو چلانا ہے وہ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ نہیں لڑسکتا تاہم سمت کا تعین کرنا ضروری ہے

بہت جلد انتخابات دیکھ رہا ہوں، یہ نگران سیٹ اپ کو طول نہیں دے پائیں گے، پرویز الہی نے لالچ کے ہر حربے کو ٹھکرا دیا

نئی اسٹیبلشمنٹ ان کا بوجھ نہیں اٹھا سکتی، چیئرمین پی ٹی آئی کی اینکر پرسنز سے گفتگو

لاہور( ویب  نیوز)

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے پیش گوئی کی ہے کہ ق لیگ آگے چل کر پی ٹی آئی کا حصہ بن جائے گی، ا پنے ساتھ ہونے والی زیادتیاں معاف کردوں گا، جس نے پاکستان کو چلانا ہے وہ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ نہیں لڑسکتا تاہم سمت کا تعین کرنا ضروری ہے،بہت جلد انتخابات دیکھ رہا ہوں، یہ نگران سیٹ اپ کو طول نہیں دے پائیں گے، پرویز الہی نے لالچ کے ہر حربے کو ٹھکرا دیا۔اینکر پرسنز سے ملاقات میں چئیرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ مونس الہی نے بہت اچھا کردار ادا کیا ہے، پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے فوری بعد خیبرپختونخوا اسمبلی بھی تحلیل کر دی جائے۔انہوں نے کہا کہ یہ نگران سیٹ اپ کو طول نہیں دے پائیں گے، نئی اسٹیبلشمنٹ ان کا بوجھ نہیں اٹھا سکتی، میرا خیال ہے کہ ق لیگ آگے چل کر پاکستان تحریک انصاف کا حصہ بن جائے گی۔سابق وزیر اعظم نے 186ممبران پورے ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں لگ رہا تھا ہمارے 186 ارکان پورے نہیں ہو پائیں گے، مگر ہم نے 186 ارکان پورے کرکے دکھا دیے۔چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ فوج کے بغیر پاکستان آگے نہیں بڑھ سکتا، کورونا اور پولیو ویکسی نیشن کے دوران آرمی کو بہت قریب سے دیکھا ہے اور فوج نے کورونا اور پولیو ویکسینیشن کے لیے قابل قدر کام کیا ہے۔انھوں نے کہا کہ ا پنے ساتھ ہونے والی زیادتیاں معاف کردوں گا جبکہ اعظم سواتی اور شہباز گل کے ساتھ ہونے والے سلوک کو بھی معاف کرنے کے لیے تیار ہیں۔ مجھ پر گولیاں چلانے والوں کو بھی معاف کرنے کو تیار ہوں۔عمران خان نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کو بھی سوچنا ہو گا کہ ملک گڑھے میں گر چکا ہے اور جس نے پاکستان کو چلانا ہے وہ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ نہیں لڑسکتا تاہم اسٹیبلشمنٹ کی سمت کا تعین کرنا ضروری ہے۔ فوج اچھائی کی سب سے بڑی قوت بن سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ میں سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ پنجاب کی خواتین اراکین اتنا اچھا پرفارم کریں گی اور پنجاب میں ہماری خواتین کو غیر معمولی لالچ دی گئی مگرانہوں نے سب کچھ ٹھکرا دیا۔ ملکی خزانہ کو لوٹنے والوں کے علاوہ سب سے مفاہمت پر یقین رکھتا ہوں۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ میں بہت جلد انتخابات دیکھ رہا ہوں اور 3 سال کی محنت سے انڈسٹری کو اٹھایا تھا اب دوبارہ پھر محنت کرنا ہو گی۔ مونس الہی ڈٹ گیا، میں چودھری پرویزالہی کی بھی قدر کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ چودھری پرویز الہی نے لالچ کے ہر حربے کو ٹھکرا دیا جبکہ پرویز الہی اور مونس الہی پر کیسز بنانے کے لیے ڈرایا بھی گیا، مونس الہی بہت سمجھدار نوجوان ہے۔