وزیراعلی خیبرپختونخوا نے صوبائی اسمبلی توڑنے کی ایڈوائس گورنر کو ارسال کر دی
48 گھنٹوں میں گورنر خیبرپختونخوا کی جانب سے دستخط نہ کرنے کی صورت میں اسمبلی از خود ٹوٹ جائے گی،وزیراعلیٰ محمود خان
عام انتخابات میں ملک میں دو تہائی اکثریت سے حکومت قائم کریں گے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا ٹویٹ
پشاور(ویب نیوز)
وزیر اعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے صوبائی اسمبلی توڑنے کی ایڈوائس گورنر کو بھیج دی۔محمود خان نے کہا کہ ملکی مفاد میں خیبرپختونخوا اسمبلی توڑنے کا فیصلہ کیا ہے، عام انتخابات میں ملک میں دو تہائی اکثریت سے حکومت قائم کریں گے۔ محمود خان نے مزید کہا کہ 48 گھنٹوں میں گورنر کی جانب سے دستخط نہ کرنیکی صورت میں اسمبلی از خود ٹوٹ جائے گی۔ اس حوالے سے سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں رہنما تحریک انصاف فواد چوہدری نے کہا کہ وزیر اعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے پارٹی کے فیصلے اور عمران خان کی ہدایت کے مطابق اسمبلی کی تحلیل کی سمری گورنر خیبر پختونخوا کو بھجوا دی ہے، اگر گورنر نے 48 گھنٹوں میں اسمبلی تحلیل نہ کی تو جمعرات کو ازخود اسمبلی تحلیل ہو جائے گی، اس فیصلے سے ملک میں عام انتخابات کی راہ ہموار ہو گی۔واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے پنجاب اسمبلی بھی تحلیل ہوچکی ہے۔ وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویزالہی کے بعد اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کی جانب سے بھی نگراں وزیراعلی پنجاب کیلیے مجوزہ نام سامنے آگئے۔