توہین الیکشن کمیشن وچیف الیکشن کمشنر کیس:عمران خان، اسد عمر، فواد چودھری کو پیشی کاآخری موقع
تینوں رہنماآئندہ سماعت پر پیش نہ ہوئے تو ان کے خلاف یکطرفہ کارروائی کرکے فیصلہ سنادیا جائے گا،الیکشن کمیشن
الیکشن کمیشن نے عمران خان ،اسد عمر اورفواد چوہدری کی عدم پیشی کے حوالہ سے فیصلہ محفوظ کر لیا، سماعت 24جنوری تک ملتوی کردی
اسلام آباد( ویب نیوز)
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قراردیا ہے کہ اگر توہین الیکشن کمیشن پاکستان وچیف الیکشن کمشنر کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان،پی ٹی آئی سیکرٹری جنرل اسد عمر اورپی ٹی آئی کے سینئر نائب صدر فواد چودھری آئندہ سماعت پر پیش نہ ہوئے تو ان کے خلاف یکطرفہ کارروائی کرکے فیصلہ سنادیا جائے گا۔الیکشن کمیشن نے تینوں پی ٹی آئی رہنمائوں کو پیشی کاآخری موقع دے دیا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے باجود پی ٹی آئی چیئرمین سمیت تینوں رہنما الیکشن کمیشن میں پیش نہ ہوئے۔ ممبر الیکشن کمیشن سندھ نثاراحمد درانی کی سربراہی میں ممبر الیکشن کمیشن بلوچستان شاہ محمد جتوئی، ممبرالیکشن کمیشن پنجاب بابر حسن بھروانہ اور ممبر الیکشن کمیشن خیبرپختونخوا جسٹس (ر)اکرام اللہ خان پر مشتمل چار رکنی بینچ نے عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن وچیف الیکشن کمشنر کیسز کی سماعت کی۔ الیکشن کمیشن میں عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کے خلاف الیکشن کیشن کے خلاف غیر مناسب، غیر پارلیمانی اور توہین آمیز زبان کے استعمال کے حوالہ سے کیس کی سماعت ہوئی جبکہ عمران خان اور فواد چوہدری کے خلاف چیف الیکشن کمشنر ڈاکٹر سکندر سلطان راجہ کے خلاف غیر مناسب، غیر پارلیمانی اور توہین آمیز زبان کے استعمال کے حوالہ سے کیس کی سماعت ہوئی۔ دوران سماعت ممبر الیکشن کمیشن بلوچستان نے وکیل سے استفار کیا کہ عمران خان ، اسد عمر اورفواد چوہدری کہاں ہیں ؟اس پر پی ٹی آئی کے جونیئر وکیل نے بتایا کہ سینئر کونسل موجود نہیں اس لیے پیش نہیں ہو سکتے۔،ممبرالیکشن کمیشن خیبر پختونخواکا کہنا تھا کہ لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے صرف وارنٹ گرفتای معطل کئے، پیشی سے نہیں روکا، حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی دائر نہیں کی گئی۔پی ٹی آئی معاون وکیل نے پیش ہو کر بتایا کہ سینئر وکیل فیصل چوہدری اوردیگر گزشتہ روز قتل ہونے والے سابق صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن عبدالطیف آفریدی کے جنازے میں شرکت کے لئے گئے ہیں۔ ممبر الیکشن کمیشن کے پی کا کہنا تھا کہ اگر فریقین پیش نہ ہوتے تو ہم وکلاء کے وکالت نامے منسوخ کردیں گے۔جسٹس (ر)اکرام اللہ خان کا کہنا تھا کہ کریمینل کیس میں فریقین کا پیش ہونا ضروری ہوتا ہے،فریقین پیش نہ ہوتے توحکم جاری کردیں گے۔ الیکشن کمیشن نے عمران خان ،اسد عمر اورفواد چوہدری کی عدم پیشی کے حوالہ سے فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 24جنوری تک ملتوی کردی۔واضح رہے کہ گزشتہ سماعت پر ممبر سندھ کی سربراہی میں چار رکنی بینچ نے توہین الیکشن کمیشن وچیف الیکشن کمشنر کیس میں عدم پیشی پر عمران خان ،اسد عمر اور فواد چوہدری کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کیے تھے۔ تاہم گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ کے رکن جسٹس صداقت علی خان نے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری معطل کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو ملزمان کے خلاف توہین عدالت کی کاروائی جاری رکھنے کا حکم دیا تھا۔