پاکستان کی سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے گھناؤنے فعل کی شدید مذمت
اشتعال انگیز اسلامو فوبک ایکٹ سے ڈیرھ ارب مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے ۔ترجمان
اسلام آباد ( ویب نیوز)
پاکستان نے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے سنگین وگھناؤنے فعل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اشتعال انگیز اسلامو فوبک ایکٹ سے دنیا بھر کے ڈیرھ ارب مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے ۔ترجمان نے اپنے بیان میں
واضح کیا ہے کہ ایسی کارروائیاں آزادی اظہار یا رائے کے کسی بھی جائز اظہار کے تحت نہیں آتیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ انسانی حقوق کے علمبردار نفرت انگیز عمل کی روک تھام کی ذمہ داری نبھائیں، انسانی حقوق کے علمبردار لوگوں کو تشدد پر نہ اکسانے کی ذمہ داری نبھائیں، اسلام امن کا مذہب ہے۔ پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمان تمام مذاہب کے احترام پر یقین رکھتے ہیں۔ ان اصولوں کی سب کو حمایت کرنی چاہیے۔عالمی برادری کو اسلامو فوبیا، زینو فوبیا، عدم برداشت اور مذہب یا عقیدے کی بنیاد پر تشدد پر اکسانے کے خلاف مشترکہ عزم ظاہر کرنے اور بین المذاہب ہم آہنگی اور پرامن بقائے باہمی کے فروغ کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔پاکستان کے تحفظات سویڈن کے حکام تک پہنچائے جا رہے ہیں۔ ہم ان پر زور دیتے ہیں کہ وہ پاکستانی عوام اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کا خیال رکھیں اور اسلامو فوبک کارروائیوں کو روکنے کے لیے اقدامات کریں۔