الیکشن کمیشن نے محسن رضا نقوی کو نگراں وزیراعلی پنجاب مقرر کر دیا ، نوٹیفیکیشن جاری

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اجلاس میں محسن نقوی کو متفقہ طور پر نگران وزیراعلی پنجاب مقرر کیا گیا

ا سلام آباد+ لاہور  ( ویب  نیوز)

 نگران وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

حلف برداری تقریب میں آئی جی پنجاب عامر ذوالفقار، سابق سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ، سابق گورنر پنجاب چودھری سرور، سنیئر صحافی سلمان غنی کے علاوہ اہم شخصیات نے شرکت کی۔ قبل ازیں الیکشن کمیشن آف پاکستان(ای سی پی) نے نگراں وزیراعلی پنجاب کے نام کا اعلان کردیا۔ چیف الیکشن کمشنر سکند سلطان راجہ کی سربراہی میں اجلاس کے بعد حکام نے نگراں وزیراعلی پنجاب کیلئے محسن نقوی کو نامزد کردیا۔ الیکشن کمیشن نے آرٹیکل224کے تحت نگراں وزیراعلی پنجاب کو نامزد کیا ہے۔گزٹ نوٹیفکیشن کی کاپی صدر، وزیراعظم، گورنر کو بھجوائی جائے گی۔محسن نقوی کی نامزدگی متفقہ کی گئی ہے، الیکشن کمیشن نے نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔  پنجاب اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد سابق وزیراعلی پرویزالہی کی طرف سے صوبے کے نگران وزیراعلی کے لئے احمد نواز سکھیرا اور نوید اکرم چیمہ کے نام تجویز گئے تھے، جب کہ اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے احد چیمہ اور محسن نقوی کے نام بھیجے۔ اپوزیشن اور حکومت کی جانب سے تجویز کردہ ناموں پر اتفاق نہ ہونے کے بعد چاروں نام الیکشن کمیشن کو بھیجے گئے تھے۔ چھوٹی عمر میں محنت اور لگن سے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے اور بہت سی کامیابیاں سمیٹنے والے سید محسن رضا نقوی نے ایک اور کامیابی اپنے نام کی اور پنجاب کی نگراں وزیر اعلی کی دوڑ میں  نہ صرف شامل ہوئے بلکہ الیکشن کمیشن نے باقاعدہ تقرر بھی کر دیا ہے۔ کم سنی میں ہی ماں باپ کی شفقت سے محروم ہوجانے والے سید محسن رضا نقوی نے ہمت اور حوصلے کو ہاتھ سے نہیں چھوڑا۔ سرکاری اسکول سے تعلیم کا آغاز کرنے والے محسن نقوی  جہد مسلسل، ہمت، محنت و لگن سے کامیابیاں سمیٹتے چلے گئے، خاص و عام سب میں برابر سے مقبول ہیں۔محسن نقوی 1978 کو لاہور میں پیدا ہوئے، ابتدائی تعلیم کریسنٹ ماڈل ہائی سکول سے حاصل کی، گورنمنٹ کالج لاہور سے گریجوایشن کی۔ اعلی تعلیم کے لیے امریکی ریاست میامی کی اوہائیو یونیورسٹی سے صحافت میں ڈگری حاصل کی۔ پاکستان لوٹے تو امریکا کے معتبر نشریاتی ادارے سی این این سے منسلک ہوگئے اور ریجنل ہیڈ بنا دیے گئے۔ سی این این کی تاریخ میں سب سے کم عمر ریجنل بیورو چیف بننے کا اعزاز پایا، افغان جنگ کے دوران پرخطر رپورٹنگ میں اپنا لوہا منوایا۔ 30 سال کی عمر میں لوکل میڈیا سٹی نیوز نیٹ ورک کی بنیاد رکھی، جس کے بعد یکے بعد دیگرے 6 نیوز چینلز اور ایک اخبار ان کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ سیاسی حلقوں میں یکساں مقبول تو ہیں ہی ملک کی سرکردہ سیاسی شخصیات سے بھی ان کے مضبوط تعلقات ہیں۔ چوہدری خاندان کے قریبی رشتہ دار اور آصف علی زرداری سے گہرا تعلق ہے، محسن نقوی کی اہلیہ ڈاکٹر ہیں جبکہ ان کے 4 بچے ہیں۔ محسن نقوی کی ایک خاص بات ان کی منکسر المزاج شخصیت اور عادت ہے، کوئی اہم شخصیت ہو یا عام آدمی، آفس میں کام کرنے والا ایک عام ملازم ہو یا افسر ان میں تفریق نہیں۔