الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے دشمن کو نگران وزیر اعلیٰ منتخب کیا: عمران خان

الیکشن کمیشن کا متنازعہ فیصلہ ہر اصول اور ضابطے کے خلاف ہے، فیصلے کے خلاف ہم سپریم کورٹ جا رہے ہیں۔چودھری پرویز الہٰی

عوام کا اعتماد سسٹم سے اٹھ چکا، فیصلہ کن تحریک کیلئے سڑکوں پر آنا ہو گا، عمران خان کی قیادت میں پاکستان کے فیصلے عوام خود کریں گے، فواد

لاہور ( ویب  نیوز) سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے ایک دشمن کو نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کے طور پر منتخب کیا۔

سابق وزیر اعظم عمران خان نے مزید کہا کہ نگران وزیر اعلیٰ کا عہدہ ایک غیر جانبدار شخص کیلئے ہے، محسن نقوی نے نیب کے ساتھ رضاکارانہ واپسی کا معاہدہ بھی کیا، سپریم کورٹ نے سوموٹو کیس نمبر 17/2016 میں ایک کیس میں قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا رضا کارانہ واپسی پر کوئی شخص وفاقی یا صوبائی سطح پر اور نہ ہی کسی ریاستی تنظیم میں عوامی عہدہ نہیں رکھ سکتا، الیکشن کمیشن نے پاکستان کو بنانا ریپبلک بنانے، ہماری جمہوریت کو مذاق بنانے میں مدد کی ہے، میں کل پریس کانفرنس میں اس پورے فسانے کو بے نقاب کروں گا۔

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ محسن رضا نقوی کی بطور نگران وزیر اعلیٰ پنجاب تقرری مسترد کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام کا اعتماد سسٹم سے اٹھ چکا، فیصلہ کن تحریک کیلئے سڑکوں پر آنا ہو گا، عمران خان کی قیادت میں پاکستان کے فیصلے عوام خود کریں گے، بند کمروں میں ہونے والی سازشوں کو ناکام بنائیں گے، کٹھ پتلیوں کی کوئی حیثیت نہیں صرف تماشا دکھانے والوں کی ایما پر کام کرتی ہیں، پاکستان کے عوام سمندر کی طرح نکل کر کٹھ پتلیوں کو بہا لے جائیں گے۔

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے محسن رضا نقوی کی نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نامزدگی کا فیصلہ متنازع قرار دے دیا۔  سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں مسلم لیگ (ق) کے مرکزی رہنما نے کہا کہ حارث سٹیل کیس میں 35 لاکھ روپے کی پلی بارگین کرنے والے شخص سے کیسے انصاف کی توقع کی جا سکتی ہے۔

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ میرا قریب ترین رشتے دار کیسے نگران وزیر اعلیٰ بن سکتا ہے، الیکشن کمیشن کا متنازعہ فیصلہ ہر اصول اور ضابطے کے خلاف ہے، فیصلے کے خلاف ہم سپریم کورٹ جا رہے ہیں۔