اسلام آباد (ویب نیوز)
ملک بھر میں بجلی کے بڑے بریک ڈائون کے بعد تاحال بجلی کی فراہمی تعطل کا شکار رہیں، کراچی میں 24 گھنٹے بعد بھی بجلی کی فراہمی معمول پر نہیں آسکی۔نارتھ کراچی، نیو کراچی، بفرزون، نارتھ ناظم آباد میں بجلی کی آنکھ مچولی جاری رہی، لیاقت آباد، اختر کالونی میں 22 گھنٹے بعد بحال ہونے والی بجلی پھر سے غائب ہو گئی، گلستان جوہر، گلشن اقبال، سولجر بازار، آئی آئی چندریگر روڈ پر رات بھر بجلی آتی جاتی رہی، جبکہ لیاری اور کھارادر کے علاقوں میں بھی رات بھر بجلی کی آنکھ مچولی جاری رہی۔واٹر بورڈ حکام کے مطابق بجلی نہ ہونے سے شہر کو تاحال پانی کی فراہمی شروع نہیں ہو سکی، بجلی کی فراہمی معمول پر آگئی تو 48 گھنٹوں میں پانی کی فراہمی مکمل بحال ہوسکے گی۔ ٹیلی کام کمپنیز کا کہنا ہے کہ موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بھی مکمل بحال نہیں ہو سکی ۔علاوہ ازیں کراچی ایئر پورٹ، بندرگاہ، کینٹ اور سٹی ریلوے سٹیشنز سمیت ہسپتالوں اور حساس تنصیبات پر بجلی کی فراہمی بحال کر دی گئی ۔