کراچی بلدیاتی انتخابات، 229 یونین کونسلز کے نتائج جاری
پیپلز پارٹی 91، جماعت اسلامی 85 اور تحریک انصاف نے 42 یونین کونسلز پر فتح حاصل کی
الیکشن کمیشن نے 6 یوسیز پر نتیجہ روک لیا ،ان 6 نشستوں کی سماعت الیکشن کمیشن پاکستان میں ہوگی
اسلام آباد / کراچی( ویب نیوز)
الیکشن کمیشن نے سندھ میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے حتمی نتائج جاری کر دیے جہاں کراچی میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے 91 اور جماعت اسلامی نے 85 نشستیں حاصل کرلیں۔الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ حتمی نتائج کے مطابق کراچی کی 229 یونین کونسلز میں سے پی پی پی 91 یونین کونسل جیت کر پہلے نمبر پر ہے۔ جماعت اسلامی 85 یونین کونسلز جیت کر دوسرے نمبر پر اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) 42 یونین کونسلز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق حتمی نتائج کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) نے 7، جمیعت علمائے اسلام نے 2، تحریک لبیک پاکستان(ٹی ایل پی( اور آزاد امیدار نے ایک ایک نشست جیتی ہے۔تاہم مجموعی طور پر 246 یونین کونسلز کی نشستوں میں سے 11 پر انتخاب نہیں ہوئے کیونکہ ان نشستوں پر چند نامزد امیدوار انتقال کر چکے ہیں۔الیکشن کمیشن کے مطابق مزید 6 نشستوں پر دوبارہ گنتی کے باعث نتائج روکے ہوئے ہیں،ان 6 نشستوں کی سماعت الیکشن کمیشن پاکستان میں ہوگی ۔علاوہ ازیں الیکشن کمیشن نے حیدرآباد کی کل 160 یونین کونسلز میں سے 153 کے حتمی نتائج بھی جاری کردیے ہیں۔حیدرآباد ڈویژن میں 95 پر پیپلز پارٹی، 40 پر تحریک انصاف، 15 پر آزاد امیدوار، ایک پر جماعت اسلامی جبکہ دو نشستوں پر تحریک لبیک کامیاب ہوئی ہے۔واضح رہے کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کا انعقاد 15 جنوری کو ہوا تھا جس کا متحدہ قومی موومنٹ نے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا، کامیاب امیدواروں کا نوٹی فکیشن ایک دو روز میں جاری ہونے کا امکان ہے ، نوٹی فکیشن اجرا کے بعد کامیاب امیدواروں کی حلف برداری بھی ہوگی۔نوٹیفکشن کے اجرا کے بعد خواتین کی مخصوص نشستوں کا تعین اور10 خالی نشتوں پر الیکشن کے فیصلہ کیا جائے گا، پھر مخصوص نشستوں کے تعین کے بعد ٹاون چیئرمینز کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔