• پیپلز پارٹی کو چیئرمین اور وائس چیئرمین کی مزید نشستیں مل گئیں، 92نشستوں کے ساتھ سب سے بڑی جماعت بن گئی
  • بلدیاتی انتخابات میں چیئرمین اور وائس چیئرمین کی 80 نشستوں کے ساتھ جماعت اسلامی دوسری بڑی جماعت بن گئی

کراچی (ویب نیوز)

الیکشن کمیشن کی جانب سے بلدیاتی انتخابات میں روکے گئے چند یونین کمیٹیوں کے نتائج جاری کردئیے گئے۔کراچی میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں 235نشستوں میں سے 228کے نتائج مکمل ہوگئے ہیں جس کے بعد پیپلز پارٹی کو چیئرمین اور وائس چیئرمین کی مزید نشستیں مل گئی ہیں، انتخابی نتیجے کے مطابق سندھ کی حکمران جماعت 92نشستوں کے ساتھ سب سے بڑی جماعت بن گئی ہے۔بلدیاتی انتخابات میں چیئرمین اور وائس چیئرمین کی 80 نشستوں کے ساتھ جماعت اسلامی دوسری بڑی جماعت بن گئی جبکہ بلدیہ عظمی کراچی میں تحریک انصاف کی نشستوں کی تعداد 44، مسلم لیگ(ن)کی 7، جے یو آئی 3، ٹی ایل پی ایک اور آزاد امیدوار نے بھی ایک نشست حاصل کی ہے۔کورنگی ٹاؤن میں پیپلز پارٹی کے احمد رضا کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے جبکہ تحریک لبیک کے امیدوار صدر ٹاؤن یوسی 7سے کامیاب ہوئے ہیں، پی ٹی آئی کو ملیر، ابراہیم حیدری اور اورنگی ٹاؤن سے 3یوسیز پر کامیابی مل گئی جبکہ مسلم لیگ(ن)نے کورنگی اور شاہ فیصل ٹان سے 2نشستیں حاصل کیں۔واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کراچی میں اب بھی کچھ یونین کمیٹیوں کے نتائج روکے ہوئے ہیں۔