پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان ورچوئل مذاکرات،پاکستان کی گیس مہنگی و پیٹرول لیوی بڑھنے کی یقین دہانی
اسلام آباد( ویب نیوز)
پاکستان نے عالمی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف) کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ملک میں جلد ہی گیس مہنگی کردیں گے، پیٹرول لیوی بھی بڑھا رہے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان ورچوئل مذاکرات ہوئے، مذاکرات پاکستان کے وقت کے مطابق ساڑھے 6 بجے شروع ہوئے تھے جو تقریبا ایک گھنٹہ سے زائد وقت تک جاری رہے۔ جس میں پاکستان کی طرف سے سیکرٹری خزانہ حامد یعقوب شیخ کی سربراہی میں وفد نے مذاکرات کیے، آئی ایم ایف کی طرف سے مشن چیف ناتھن پورٹر مذاکرات میں شریک ہوئے۔ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہیکہ پاکستانی وفد نے معاشی صورت حال کے بارے میں بریفنگ دی، پاکستان نے رواں سال کے لیے مقررہ کردہ ٹیکس وصولیوں کا ہدف مکمل کرنیکی یقین دہانی کرائی اور آئی ایم ایف کو سیلاب سے متعلقہ منصوبوں پر اٹھنے والے اخراجات سے آگاہ کیا۔ذرائع کے مطابق پاکستانی وفد نے گیس کی قیمتوں میں جلد اضافے کے فیصلے سے بھی آگاہ کیا، وفد نے بتایا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافہ یکم جولائی 2022 سے ہوگا، گیس کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری جلد ہی کابینہ دیگی، گیس کے شعبے کا گردشی قرض بھی ختم کیا جارہا ہے، پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی بھی مرحلہ وار بڑھائی جا رہی ہے۔ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے مطالبہ کیا کہ پاکستان روپے کی قدر میں کمی کو مصنوعی طریقے سے نہ روکے، بجلی پر سبسڈی بھی ختم کی جائے، ٹیکس کا جی ڈی پی تناسب بڑھانے کے لیے اقدامات کیے جائیں، مختلف شعبوں کو دیے گئے استثنی بھی ختم کیے جائیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے آئی ایم ایف سے پروگرام بحال کرنے پر اصرارکیا ہے