پاکستان کے انٹیلی جنس اداروں کی بھارت کیخلاف بڑی کامیابی،فالس فلیگ آپریشن کا منصوبہ بے نقاب کردیا

بھارتی یوم جمہوریہ کے موقع پر مقبوضہ کشمیر میں مبینہ دراندازی کا ڈرامہ تیار کیا گیا ،مودی سرکار کے نئے ڈرامے کا پورا اسکرپٹ حاصل کرلیا گیا

 پاکستانی انٹیلی جنس اداروں نے   انڈیا کی 93 انفینٹری بریگیڈ کے ایجنٹ سمیت  بھارتی منصوبے کے تین اہم کرداروں کا بھی پتہ لگا لیا

راولپنڈی( ویب  نیوز)

پاکستان کے انٹیلی جنس اداروں کی بڑی کامیابی، بھارت کی طرف سے  یوم جمہوریہ پرفالس فلیگ آپریشن کا منصوبہ پیشگی پکڑلیا، مودی سرکار کو بڑی زک پہنچا دی۔  میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کے انٹیلی جنس اداروں نے بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے مودی سرکار کے نئے ڈرامے کا پورا اسکرپٹ حاصل کر لیا، مقبوضہ کشمیر میں مبینہ در اندازی کا ڈرامہ بھارتی یوم جمہوریہ کے موقع پر تیار کیا گیا ہے، فالس فلیگ کارروائی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج اور پولیس کے ذریعے لائن آف کنٹرول کے پونچھ سیکٹر میں پلان کیا گیا ہے، پاکستانی انٹیلی جنس اداروں نے بھارتی منصوبے کے تین اہم کرداروں کا بھی پتہ چلا لیا جن میں انڈیا کی 93 انفینٹری بریگیڈ کا ایجنٹ بشیراوردوساتھی عالم اوراسلم مرکزی کردار ہیں، منصوبے کے تحت مسٹر بشیر نے کچھ مقامی افراد کو استعمال کر کے جشکوال، آزاد کشمیر سائیڈ سے بم یا آئی ڈیز نصب کر کے مقبوضہ کشمیر میں داخل ہونے کی کوشش کرنی ہے اورکسی مسجد کے قریب اس کارروائی کو ناکام بنایا دکھایا جائے گا، منصوبے کے تحت بھارتی فوج اور پولیس جعلی برآمدگی بھی ظاہر کرے گی، ڈی ایس پی پریشنا اس فالس فلیگ آپریشن کو سپروائز کر رہا ہے، منصوبے میں 93 بریگیڈ کی ڈوگرا رجمنٹ کے دستوں کو گھات لگا کر جعلی ریکوری دکھانا ہے۔ فالس فلیگ آپریشن کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں در اندازی کا الزام عائد کرکے دنیا میں پراپیگنڈہ کرنا ہے، پاکستانی انٹیلی جنس اداروں نے سارا منصوبے پیشگی بے نقاب کر کے بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔