آصف زرداری پر سنگین الزام ، پیپلز پارٹی کا عمران خان کو لیگل نوٹس بھیجنے کا اعلان
پی پی عمران خان کے جھوٹے الزام کو مسترد کرتی ہے، عمران خان نے خود شدت پسندوں سے معاہدہ کیا،نیئربخاری
عمران خان کے الزامات کی انکوائری ہونی چاہیے، فواد چوہدری کی گرفتاری الیکشن کمیشن کی درخواست پر ہوئی،قمرزمان کائرہ
اقتدار سے محروم ہو جانے کی وجہ سے عمران خان کا ذہنی توازن خراب ہو گیا،فرحت اللہ بابرکاپریس کانفرنس سے خطاب
اسلام آباد( ویب نیوز)
پاکستان پیپلز پارٹی نے آصف زرداری پر سنگین الزام پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو لیگل نوٹس بھیجنے کا اعلان کر دیا۔اسلام آباد میںپاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر بخاری نے قمر زمان کائرہ، فرحت اللہ بابر سمیت دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے ہمیشہ الزامات کی سیاست کی ہے اور انہوں نے گزشتہ روز بھی آصف زرداری پر سنگین الزام لگایا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عمران خان کے جھوٹے الزام کو مسترد کرتی ہے جبکہ عمران خان نے خود شدت پسندوں سے معاہدہ کیا انہیں صوبائی اسمبلیاں تحلیل نہیں کرنے چاہئیں تھیں۔انہوںنے کہا کہ عمران خان کی الزام لگانے کی روایت نئی نہیں، وہ آج تک الزامات کو ثابت نہیں کر سکا اور نہ کسی فورم پر گیا، وہ سیاسی طور پر مر چکا ہے، عمران خان ڈپریشن کا شکار ہیں۔انہوںنے کہا کہ بوکھلاہٹ میں عمران خان اداروں، الیکشن کمیشن، سابق آرمی چیف پر الزام لگاتا ہے، عمران خان کو لیگل نوٹس جاری کر رہے ہیں۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ عمران خان کی سیاست جمہوری نہیں اور انہوں نے پیپلز پارٹی قیادت پر سنگین الزام لگایا کہ دہشتگرد تنظیم کو میرے اوپر حملے کے لئے پیسے دیئے گئے۔انہوں نے کہا کہ ملک جب بھی مشکل دور سے گزر رہا ہوتا ہے عمران خان غیرذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ عمران خان کے الزامات کی انکوائری ہونی چاہیے اور عمران خان کے اس الزام کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔پیپلز پارٹی رہنما نے کہا کہ عمران خان اپنی ناکامی کو چھپانے کے لئے سیاسی مخالفین پر تنقید کرتے ہیں ، سپریم کورٹ عمران خان کے بیان کا نوٹس لے اور تحقیقات ہونی چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے دور اقتدار میں کوئی سیاسی گرفتاری نہیں ہوئی جبکہ فواد چوہدری کی گرفتاری الیکشن کمیشن کی درخواست پر ہوئی ہے۔انہوںنے کہاکہ جب عمران خان پر وزیر آباد میں حملہ ہوا ہم نے کہا تھا کمیشن بنائیں، ان کی الزام تراشیوں کی مذمت کرتے ہیں، جب کئی اداروں کے سربراہان عمران خان کو سپورٹ کرتے تو وہ ایک پیج تھا۔انہوں نے کہا کہ جب ادارے نیوٹرل ہو گئے تو عمران خان ان کے خلاف ان کے پیچھے پڑ گئے اور فوج کو گالیاں دینا شروع ہو گئے ، ان کی سیاست جمہوری نہیں فاشسٹ سیاست ہے، انہوں نے ایک باقاعدہ الزام لگایا کہ ہماری قیادت نے دہشت گرد تنظیموں کو پیسے دیئے جس میں اداروں کے لوگ شامل ہیں، یہ انتہائی گھناونا الزام ہے ۔ اس موقع پر فرحت اللہ بابر نے کہا کہ عمران خان نے کہا کہ زرداری صاحب نے اسے قتل کرنے کے لئے دہشت گرد تنظیموں سے رابطہ کیا، اقتدار سے محروم ہو جانے کی وجہ سے ان کا ذہنی توازن خراب ہو گیا ہے۔